2 سال بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام

سعودی عرب کی مساجد میں رمضان المبارک کی رونقیں لوٹ آئیں، مساجد میں نماز تراویح کیلئے نمازیوں کا سمندر امڈ آیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 اپریل 2022 00:48

2 سال بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اپریل 2022ء) 2 سال بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام، سعودی عرب کی مساجد میں رمضان المبارک کی رونقیں لوٹ آئیں، مساجد میں نماز تراویح کیلئے نمازیوں کا سمندر امڈ آیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کا انتظار ختم ہوا، کئی ممالک میں ماہ مبارک کا آغاز ہو گیا۔

سعودی عرب میں 2 سال بعد رمضان المبارک کی مکمل رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ کرونا وبا کی وجہ سے گزشتہ 2 سالوں میں ماہ مبارک کے دوران مسجد نبویﷺ اور مسجد الحرام سمیت مملکت کی تمام مساجد میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کی ادائیگی سمیت دیگر نمازوں کی ادائیگی کی بھی اجازت نہیں تھی۔ تاہم اب 2 سال کے بعد کرونا وبا کا زور ٹوٹنے کے باعث سعودی عرب کی مساجد کی رونقیں لوٹ آئی ہیں، جمعہ کی شام کو مملکت میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں مکمل گنجائش کے مطابق نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا تو ان دونوں مساجد میں نمازیوں کا سمندر امڈ آیا۔

(جاری ہے)




واضح رہے کہ دنیا کے کئی ممالک نے رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے سرکاری اعلانات کر دیے ہیں۔ خلیجی ملک سعودی عرب میں بھی جمعہ کی شام کو رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔

حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری بیان کے مطابق مملکت میں یکم رمضان 1443 ھجری 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہو گی، جبکہ عمان کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی ہفتے کے روز سے رمضان المبارک کا آغاز ہو گا۔

آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک تھا جہاں جمعہ کے روز رمضان المبارک 1443 ھجری کا چاند نظر آیا۔

آسٹریلیا کی امام کونسل نے ملک میں پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہونے کا اعلان کیا۔ جبکہ ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالاسلام کی حکومتوں نے رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں چاند نظر نہ آنے کے باعث پہلا روزہ 3 اپریل بروز اتوار کو ہو گا۔

دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروزہ ہفتہ کو ہو گا۔ محکمہ موسمیات نے ہفتہ 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی ہے۔ رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلاروزہ اتوار 3اپریل کو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو دن گیارہ بجکر 24منٹ پر ہو گی، 29 شعبان 2 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے، پاکستان کے اکثر علاقوں میں 31 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہوگی۔

ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی ، اسلام آباد 69 ، لاہور 68 ، کوئٹہ 69 ، کراچی میں 67 منٹ ہو گا جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا۔ہلال کی رویت باآسانی ہو جائے گی اور رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہو گا۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں