آئندہ برسوں میں مدینہ منورہ کا موسم خوشگوار بنانے کے منصوبے پر کام شروع

وادی قنا کے 16 کلومیٹر رقبے پر پارک بنانے سے مدینہ منورہ میں گرمی کی شدت کم ہو جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 جون 2020 15:12

آئندہ برسوں میں مدینہ منورہ کا موسم خوشگوار بنانے کے منصوبے پر کام شروع
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جون 2020ء) سعودی عرب کے دیگر شہروں کی طرح مدینہ منورہ میں بھی اس بار شدید گرمی پڑرہی ہے۔ تاہم مدینہ منورہ میونسپلٹی نے ایسا شاندار منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کی بدولت اگلے چند سالوں میں مدینہ منورہ میں گرمی کم پڑے گی اور یہاں کی ہریالی میں بھی اضافہ ہو گا۔ اُردو نیوزکے مطابق میونسپلٹی کی جانب سے وادی قنا میں 16 کلومیٹر کے رقبے پر ایک شاندار پارک بنایا جا رہا ہے ۔

جس سے سے مدینہ منورہ میں قدرتی اور تعمیراتی ماحول میں توازن پیدا ہوگا۔مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے وادی قنا کا دورہ کر کے منصوبے کا جائزہ لیا اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گورنر مدینہ منورہ کا کہنا تھا کہ یہ کثیر المقاصد منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

اس کی بدولت بارش اور سیلاب کا پانی وادی کے ذریعے استعمال کیا جائے گا۔

وادی کے اطراف خودروجنگل کوپارک میں تبدیل کیا جائے گا۔منصوبے کا پہلا مرحلہ ڈیڑھ برس میں مکمل ہوگا۔ اس کے تحت 70 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پارک بنایا جائے گا جو وادی کے کنارے واقع ہوگا۔ یہاں تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے بینچیں لگائی جائیں گی۔ چہل قدمی کرنے والوں کے لیے راہداریاں ہوں گی جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے باقاعدہ ٹریک ہوگا۔وادی ( دریا) کو مزید گہرا اور کشادہ کیا جائے گا تاکہ بارش کازیادہ سے زیادہ پانی اس میں کھپایا جاسکے۔وادی میں جگہ جگہ قدرتی مناظر کے نمائندہ مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ مدینہ منورہ کے شہری اور زائرین وہاں خوشگوار اور صاف ستھری ہوا کا لطف اٹھاسکیں۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں