ریاض: گرمی کے ستائے افراد کے لیے خوش خبری

اگلے ہفتے مملکت میں مینہ برسے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 جولائی 2018 12:26

ریاض: گرمی کے ستائے افراد کے لیے خوش خبری
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 جُولائی 2018) سعودی عرب میں گزشتہ دو تین ماہ سے کڑاکے نکال دینے والی گرمی پڑ رہی ہے۔ ہر ذی رُوح پریشان اور بیزار دکھائی دیتا ہے۔ مملکت کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت پچاس درجہ سینٹی گریڈ کو عبور کر چکا ہے۔ گرمی کی شدت کے باعث ہی حکومت نے 15 جُون 2018ء سے 15 ستمبر 2018ء تک دوپہر 12 بجے سے سہ پہر تین بجے تک کھُلے آسمان تلے کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تاہم سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے شدید گرمی میں ٹھنڈی ٹھار خوش خبری سُنا دی ہے۔ سعودی موسمیاتی ادارے جنرل اتھارٹی آف میٹرولوجی اینڈ انوائرنمنٹ پروٹیکشن کی جانب سے خبر دی گئی ہے کہ اگلے ہفتے مملک کے مختلف خطوں میں کہیں پر تیز اور کہیں پر درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔ ادارے کے مطابق جزان‘ البہا‘ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں آئندہ منگل کی دوپہر کو درمیانے سے تیز درجے کی بارش متوقع ہے جبکہ کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ ان خطوں کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ ادارے کی طرف سے اُمید ظاہر کی گئی ہے کہ مکّہ کے ساحلی علاقوں میں ریت اور گرد کا طوفان اُٹھنے کی بھی توقع ہے جو جزان کے جنوبی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ ریاض کے مشرقی علاقوں‘ نجران اور مکّہ و مدینہ کے مشرقی علاقوں میں بھی دِن کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو جائے گا۔ اگلے ہفتے کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم دِن کے اوقات میں گرم رہے گا البتہ جنوبی اور جنوب مغربی علاقوں میں درجہ حرارت معتدل رہنے کا امکان ہے۔ اتھارٹی نے مملکت میں مقیم شہریوں اور غیر مُلکیوں سے کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور ادارے کی ویب سائٹس پر موسمی وارننگ کے بارے میں جان سکتے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں