جدہ: پاکستانی اور اُس کا افریقی ساتھی نشے کی حالت میں گرفتار

ملزمان پر چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا شُبہ

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 جنوری 2019 13:31

جدہ: پاکستانی اور اُس کا افریقی ساتھی نشے کی حالت میں گرفتار
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 جنوری 2019ء) جدہ پولیس کی ایک ٹیم نے رات کے وقت گشت کے دوران نشے میں دُھت دو غیر مُلکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں سے ایک کا تعلق پاکستان اور دُوسرے کا افریقی مُلک صومالیہ سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان دونوں افراد کی گرفتاری الجامعہ کے محلّے میں اُس وقت کی گئی جب یہ آدھی رات کو مشکوک حالت میں گھُوم پھِر رہے تھے۔

ان کی چال ڈھال سے پتا لگ گیا کہ انہوں نے نشہ کر رکھا تھا۔بعد میں اُن کی تلاشی لی گئی تواُن سے شراب کی بوتل بھی برآمد ہوئی جس سے اُن کی نشے کی حالت میں ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ مزید تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ایک لیڈیز پرس بھی مِلا جس میں سونے کے کڑے اور گھڑیاں رکھی ہوئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واضح امکان یہی ہے کہ یہ دونوں افراد چوری کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کا تعلق خواتین کے پرس چوری کرنے والے کسی گینگ سے ہو گاجن کے بارے میں کئی خواتین نے شکایت درج کرائی ہے کہ اُن کے پرس چُرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

۔ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کو عنقریب سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔ جو اپنی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کرے گا۔ جہاں انہیں دوہرے الزامات یعنی نشہ اور چوری دونوں میں فردِ جُرم عائد کی جائے گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں