ریاض: سعودیہ کا ڈبل شاہ گرفتار

ملزم ایک کروڑ چالیس لاکھ ریال سے زائد رقم ہتھیا چُکا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 جنوری 2019 16:55

ریاض: سعودیہ کا ڈبل شاہ گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 جنوری 2019ء) ریاض گورنریٹ کے ترجمان علوش السبیعی نے بتایا ہے کہ سادہ لوح افراد سے رقم ڈبل کرنے کے بہانے اُن سے کروڑوں درہم ہتھیانے والے دھوکے باز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کا تعلق ایک عرب مُلک سے بتایا جاتا ہے جو لوگوں کے سامنے خود کو جادوگر ظاہر کرتا، اور یہ دعویٰ کرتا کہ اگر اُسے کوئی شخص جتنی رقم دے گا وہ اُسے چند دِنوں میں جادو کے ذریعے دُگنی کر کے واپس کر دے گا۔

اس شخص کے دلفریب دعوے کے جال میں پھنس کر درجنوں افراد اُسے بھاری رقم دے بیٹھے تھے۔ جب اس شخص کے پاس ایک کروڑ چالیس لاکھ ریال سے زائد رقم اکٹھی ہو گئی تو اس نے اپنا ٹھکانہ چھوڑ دیا۔ اس دھوکے باز کے ہاتھوں اپنی عمر بھر کی پُونجی گنوانے والوں کو جب حقیقت کا پتا چلا تو اُنہوں نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا جس نے دِن رات کے انتھک کوشش کے بعد اس شخص کا سُراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزم کی جانب سے لوگوں سے ہتھیائی گئی رقم بھی پولیس نے اپنے قبضے میں لے لی۔ علوش السبیعی نے مزید بتایا کہ ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جڑی بوٹیوں، جھاڑ پھُونک، قسمت کا حال بتانے والوں اور جادو کا دعویٰ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ یہ کارروائی بھی اسی سلسلے کا حصّہ تھی۔ انہوں نے اس موقع پر خبردار کیا کہ اگر کوئی شخص اس قِسم کی منفی اور خلاف اسلام سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اُس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ عوام کو بھی ان دھوکے بازوں کے فریب میں نہیں آنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں