آج صبح سعودی عرب پر حوثیوں کا ڈرونز سے حملہ

ان ڈرونز کی جانب سے شاہ خالد ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا، دونوں ڈرونز مار گرائے: سعودی حکام

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 جون 2019 11:29

آج صبح سعودی عرب پر حوثیوں کا ڈرونز سے حملہ
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جُون 2019ء) سعودی میڈیا کی جانب سے خبر دی گئی ہے کہ آج صبح یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر دو ڈرونز سے حملہ کیا گیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ انکشاف سعودی عرب کی قیادت میں حوثی باغیوں سے جنگ میں مصروف اتحادی افواج کی جانب سے سعودی پریس ایجنسی کے ذریعے جاری ایک مختصر بیان میں کیا گیا ہے۔ اس بیان کے مطابق حوثی باغیوں نے ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنایا تاہم اس حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ سعودی افواج نے ان ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

اس سے قبل حوثی باغیوں نے اپنے ٹی وی چینل المسیرہ کے ذریعے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے خمیس مشیط کے قریب شاہ خالد ائیر بیس کو نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ ڈرونز ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب اتحادی افواج کی جانب سے حوثیوں کے زیر قبضہ اہم علاقے شمالی یمن کے صوبے حجہ پر بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اتحادی افواج یہ دعویٰ کرتی ہیں کہ حوثی ملیشیا کو ایرانی حکومت کی پسِ پردہ حمایت حاصل ہے۔

اس سے قبل سعودی ائیر فورس نے گذشتہ ماہ یمن کی جنوبی سرحد کے قریب جازان ائر پورٹ کو نشانہ بنانے کے لیے اُڑائے ایک ڈرون کو مار گرایا تھا۔ اتحادی افواج نے اس حملے کے بعد حوثی باغیوں کو سخت جواب دینے کی دھمکی دی۔یمن میں جاری خانہ جنگی کے باعث 24 ملین سے زائد آبادی انتہائی بُرے حالوں کو پہنچ گئی ہے۔ اس خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں عام شہری بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اسے بدترین انسانی المیہ قرار دیا گیا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں