خاوند نے سعودیہ جانے والی بیوی کے پاس بم کی موجودگی کی اطلاع دے دی

خاتون ملازمت کی خاطر سعودی عرب جانا چاہتی تھی، مگر اُس کا خاوند اس کی اجازت دینے کے لیے تیار نہیں تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 اگست 2019 14:58

خاوند نے سعودیہ جانے والی بیوی کے پاس بم کی موجودگی کی اطلاع دے دی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،19 اگست 2019ء) دُنیا بھر سے ہر سال لاکھوں افراد روزگار کی خاطر سعودی عرب کا رُخ کرتے ہیں۔ ان میں سب سے بڑی گنتی پاکستانی اوربھارتی باشندوں کی ہوتی ہے۔ ایک بھارتی خاتون نے اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کی خاطر سعودی عرب میں ملنے والی تین سالہ ملازمت قبول کر لی۔ مگر اُس کا خاوند اُس کے اکیلے پردیس میں زندگی گزارنے پر راضی نہ تھا۔

سو اس نے ایسا کام کر دیا کہ ہر کوئی حیران رہ گیا۔ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بیوی اپنی شوہر کی مرضی کے بغیر سعودی عرب میں ملازمت کرنے کے لیے ایئر پورٹ کی جانب روانہ ہوئی تو ناراض شوہر نے اُسے سفر سے روکنے کے لیے ایک انوکھی ترکیب سوچ لی۔ شوہر نے ایئر پورٹ کی انتظامیہ کو فون کر کے بتایا کہ اُس کی بیوی تھوڑی دیر میں ایک فلائٹ سے سعودی روانہ ہونے والی ہے۔

(جاری ہے)

اُس کے پاس بم ہے، جس کی مدد سے وہ جہاز کو دھماکے سے اُڑانے کا منصوبہ بنائے بیٹھی ہے۔ یہ فون کال سُننے کے بعد ایئر پورٹ کے حکام میں بے چینی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ متعلقہ فلائٹ بس پرواز کرنے ہی والی تھی، مگر اسے روک دیا گیا۔ خاتون مسافر کے پاس جا کر اُس سے تفتیش کی گئی اور اس کے پاس موجود تمام سامان کی بڑی باریکی سے تلاشی لی گئی۔ مگر کچھ بھی برآمد نہ ہو سکا۔

یہاں تک کہ پُورا جہاز بھی کھنگال لیا گیا۔ آخر جب اطلاع دینے والے شوہر کا سُراغ لگا کر اُس سے تفتیش کی گئی تو اس نے انکشاف کیا کہ اُس نے یہ سب ڈراما اپنی بیوی کو سعودی عر ب جانے سے روکنے کے لیے کیا تھا۔ خاوند کے مطابق بیوی اُس کی لاکھ منت سماجت کے باوجود سعودی عرب کی ملازمت سے دست بردار ہونے پر تیار نہ ہوئی تو اُسے بس یہی طریقہ مناسب لگا۔ حکام نے خاتون کو شوہر کو جھوٹی اطلاع دینے اور پریشان کرنے کے الزام میں جیل بھجوا دیا ہے جبکہ خاتون کو سعودی عرب جانے والی پرواز میں سوار کر ادیا گیا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں