سعودی عرب میں اہلِ خانہ سمیت مقیم تارکین وطن کے لیے بہت بڑی خوشخبری

اگلے سال 2020ء کے لیے فیملی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 10:03

سعودی عرب میں اہلِ خانہ سمیت مقیم تارکین وطن کے لیے بہت بڑی خوشخبری
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 اکتوبر2019ء) سعودی عرب میں روزگار کی غرض سے لاکھوں غیر مُلکی مقیم ہیں جن میں سے کئی افراد اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ ایسے تارکین وطن کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے شاندار خبر سُنا دی گئی ہے۔ گزشتہ روز سعودی شُوریٰ کی ماتحت اقتصادی و توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران یہ اہم فیصلہ لیا گیا کہ آئندہ سال 2020ء کے لیے فیملی فیس میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، جبکہ کمپنیوں اور اداروں سے بھی اُن کے غیر مُلکی ملازمین پر عائد فیس میں بھی اضافہ نہیں ہو گا۔

کمیٹی کے فیصلے کے مطابق تارکین سے فیملی فیس اور کمپنیوں سے ملازمین کی فیس اُسی حساب سے وصول کی جائے گی، جو 2019ء میں عائد کی گئی تھی۔ اقتصادی کمیٹی کی جانب سے وزارت تجارت و سرمایہ کاری کو بھی ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ 2020 ء میں غیر ملکی ملازمین سے فیملی فیس اور کمپنیوں سے غیر ملکی ملازمین پر لی جانے والی فیس میں اضافہ نہ کرے۔

(جاری ہے)

جو فیس پہلے وصول کی جا رہی ہے، وہی برقرار رکھی جائے۔

اس طرح غیر مُلکیوں کے اہل ِخانہ سے فی کس کے حساب سے 300 ریال ماہانہ ہی وصول کیے جائیں گے۔اقتصادی کمیٹی کے اجلاس کے دوران رُکن شُوریٰ عبداللہ السعدون کی جانب سے یہ تجویز پیش کی گئی کہ چھوٹی کمپنیوں اور اداروں کو غیر مُلکی ملازمین کی فیس وصولی کے معاملے میں 3 سے 5 برس تک کے لیے استثنیٰ دے دیا جائے۔ تاکہ اُنہیں ان بھاری بھر کم فیسوں کے بوجھ کے باعث خسارے سے بچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرتی رہی تھیں کہ سعودی حکومت کی جانب سے سال 2020ء کے لیے فیملی فیس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد اہلِ خانہ سمیت مقیم تارکین وطن مزید مالی بوجھ کا شکار ہو جائیں گے۔ تاہم اقتصادی و توانائی کمیٹی کے فیصلے کے بعد یہ سب خبریں دم توڑ گئی ہیں اور تارکین وطن نے سُکھ کا سانس لیا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں