دُنیا کے 500 امیر ترین افراد کی فہرست میں چار سعودی بھی شامل ہو گئے

سعودی عرب کی امیر ترین شخصیت شہزادہ الولید بن طلال ہیں جو 13.9 ارب ڈالر کے اثاثوں کے مالک ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 نومبر 2019 11:27

دُنیا کے 500 امیر ترین افراد کی فہرست میں چار سعودی بھی شامل ہو گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) معروف امریکی رسالے بلومبرگ کی جانب سے 2019ء کے دُنیا کے دولت مند ترین افراد کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے چار افراد بھی شامل ہیں۔ بلومبرگ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شہزادہ الولید بن طلال سعودی عرب کے سب سے دولت مند آدمی ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت کا تخمینہ 13.9 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

جبکہ دوسرے نمبر پر امیر ترین سعودی شخصیت محمد العمودی ہیں جن کی دولت کا تخمینہ 8.65 ارب ڈالر کے آس پاس ہے۔ سعودی عرب کے متمول ترین افراد کی فہرست میں محمد عیسیٰ الجابر کا نمبر تیسرا ہے جن کی دولت کا اندازہ 7.19 ارب ڈالر کے لگ بھگ لگایا گیا ہے۔ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر سلطان بن محمد بن سعود الکبیر ہیں جن کے کُل اثاثوں کی مالیت 5.39 ارب ڈالر ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی سعودی شہزادہ الولید بن طلال کوموجودہ سیاسی قیادت نے 2017ء کے آخر میں نظر بند کر دیا تھا۔ بعد میں انہیں سعودی حکومت سے ایک معاہدے کے بعد رہائی ملی ہے، اس بات کا اظہار کنگڈم ہولڈنگز کے مالک شہزادہ الولید بن طلال نے اپنے رہائی کے بعد پہلے انٹرویو میں کیا تھا۔ وہ تین ماہ تک نظر بند رہے۔ انھوں نے ایک مغربی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے سعودی حکومت سے اپنی رہائی کے لئے ایک معاہدہ پر دستخط کئے ہیں تاہم انھوں نے معاہدے کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ حساس اور خفیہ ہے جو میرے اور سعودی حکومت کے درمیان ایک سمجھوتہ ہے اور میں اس سمجھوتے کا احترام کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ ان کی اب بھی سعودی حکومت کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں شہزادہ طلال نے کہا کہ ان کے گلوبل انوسٹمنٹ فرم میں اب بھی 95 فیصد حصص داری برقرار ہے۔یاد رہے کہ شہزادہ ولید کو جنوری کے آخر میں رہائی نصیب ہوئی تھی۔شہزادہ طلال نے کہا کہ وہ سعودی عرب میں منصوبوں کے لئے شاہی دولت فنڈ سے مشترکہ سرمایہ کاری کے لئے رابطے میں ہیں اور ان کی کنگڈم ہولڈینگ اپنی13 ارب ڈالر کے اثاثے سعودی عرب منتقل کرے گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں