سعودی عرب میں دُنیا کی منفردترین کار فروخت کے لیے پیش کر دی گئی

آج ریاض میں ہونے والے موٹر شو میں منفرد ماڈلز کی 1200 کاریں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 نومبر 2019 13:41

سعودی عرب میں دُنیا کی منفردترین کار فروخت کے لیے پیش کر دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء ) آج کے روز سعودی عرب میں کاروں کا میلہ سجنے کو ہے۔جس میں ہزاروں شائقین کی آمد متوقع ہے۔ اس بین الاقوامی موٹر شو میں کلاسیک، لگژری اور ترمیم شدہ گاڑیاں فروخت کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ یہ موٹر شو ریاض سیزن کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس میں مجموعی طور پر 1200 گاڑیاں نمائش کے ذریعے فروخت کی جائیں گی۔

سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ تُرکی آل الشیخ نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ اس موٹر شو میں ایک ایسی کار بھی پیش کی جائے گی جو دُنیا بھر میں اپنی طرز کی اکلوتی گاڑی ہے۔ یہ کار خصوصی طور پر ریاض سیزن کے لیے تیار کی گئی ہے ، اس ماڈل کی دُنیابھر میں کوئی اور کار نہیں ہے۔ اس منفرد کار کو ”2030“کا نام دیا گیا ہے۔ اب انتظار اس بات کا ہے کہ دُنیا بھر میں اپنی طرز کی اس انوکھی کار کو خریدنے والا گاہک کون ہو گا۔

(جاری ہے)

تُرکی الشیخ نے اپنی ٹویٹ میں ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کار کو مکمل طور پر غلاف میں لپٹا ہوا دکھایا گیا ہے۔ اور اس ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے ”بُک کر لو… پُوری دُنیا میں ایسی صرف ایک ہی کار ہے۔“ اس کار کو ڈیزائن کرنے والی کمپنی کی جانب سے بھی اس کی خصوصیات فی الحال رازداری میں ہی رکھی گئی ہیں۔ تاہم امکان یہی ہے کہ اس موٹر شو میں یہ کار باقی تمام کاروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ پسند کی جائے گی اور اس کی قیمت باقی تمام کاروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہو گی۔ اس نمائش میں مقامی افراد کے علاوہ غیر مُلکی سیاح بھی بڑی گنتی میں شرکت کریں گے۔ شائقین کے لیے یہ موٹر شو روزانہ دوپہر 12 سے رات 11 بجے تک کھُلا رہے گا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں