سعودی عرب اور بحرین کے درمیان رابطہ پُل بند نہیں کیا گیا

سعودی حکام کی جانب سے کنگ فہد پُل پر ٹریفک کی بندش کی خبروں کی تردید کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 فروری 2020 10:45

سعودی عرب اور بحرین کے درمیان رابطہ پُل بند نہیں کیا گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26فروری 2020ء) سوشل میڈیا پرخبریں آ رہی ہیں کہ بحرین میں کورنا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہونے کے بعد سعودی حکومت کی جانب سے بحرین اور سعودیہ کو ملانے والا کنگ فہد پل بندکر دیا گیا ہے۔ جس کا مقصد سعودی مملکت کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے محفوظ رکھنا ہے۔ تاہم سعودی حکومت کی جانب سے ان افواہوں کی تردید کر دی گئی ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کنگ فہد پُل کی بندش کے حوالے سے وائرل ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ سعودی عرب اور بحرین کے درمیان زمینی رابطے کے لیے استعمال ہونے والے شاہ فہد رابطہ پُل بند نہیں کیا گیا اورنہ ہی فی الحال اس حوالے سے کوئی فیصلہ لیا گیا ہے۔منگل کے روز کنگ فہد پُل پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان ٹریفک کی آمد و رفت جاری تھی۔ تاہم گزشتہ روز دونوں اطراف گاڑیوں کی تعداد میں بہت زیادہ کمی دیکھی گئی۔ جس کے بعد عوام کی جانب سے ان خدشات کا اظہار کیا گیا کہ شاید اس پُل کو دو طرفہ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔شاہ فہد بریج جنرل ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ جنوری میں اس پُل ے ریکارڈ ٹریفک گذری۔ گذشتہ ماہ اس پُل سے 30 لاکھ 95 ہزار 963 مسافر گذرے جوکہ گذشتہ برس کے ماہ جنوری کے لحاظ سے 22.2فی صد زیادہ ہے۔یہ بین الاقوامی پُل 1986ء میں تکمیل کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ شاہ فہد بریج جنرل ایسوسی ایشن کے مطابق کنگ فہد پل سے روزانہ آنے جانے والوں کی اوس گنتی99 ہزار 870 کے لگ بھگ ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں