سعودی عرب میں مقیم اقامہ ہولڈرز اور غیر قانونی تارکین وطن کے لیے اہم خبر

کورونا میں مبتلاسعودی شہریوں ، اقامہ ہولڈرز اور غیر قانونی تارکین وطن کا علاج بالکل مفت ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 مارچ 2020 17:13

سعودی عرب میں مقیم اقامہ ہولڈرز اور غیر قانونی تارکین وطن کے لیے اہم خبر
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30مارچ 2020ء) سعودی مملکت میں اس وقت کئی لاکھ افراد غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو چکی ہے یا وہ قانون محنت سے متعلق دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ اس کے علاوہ 70 لاکھ سے زائد غیر ملکی تارکین بھی موجود ہیں۔ سعودی فرمانرواخادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے تمام مریضوں کا علاج مفت کیا جائے گا۔

چاہے وہ مریض سعودی شہری ہوں یا اقامہ ہولڈرز ہوں یا غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن ہوں، سب کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی صورت میں مفت علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔سعودی میڈیا کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے ہدایت کی ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس پر قابو پانے کی خاطر مقامی افراد اور اقامہ ہولڈرز کے علاوہ ان تارکین وطن کو بھی کورونا کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے، جو مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر توفیق کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اس وبا کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں اور طبی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ڈاکٹر توفیق کا مزید کہنا تھا کہ مملکت سے کورونا وائرس سے خاتمے کے لیے تمام حکومتی ادارے آپس میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں اور معلومات کا تبادلہ بھی کیا جا رہا ہے۔

کورونا صرف بوڑھوں کو ہی لاحق نہیں ہوتا، بلکہ نوجوان اور بچے بھی اس کا نشانہ بنتے ہیں۔ مملکت میں بھی کورونا کے مریضوں میں تمام عمر کے لوگ شامل ہیں۔ ابھی تک کورونا کا کوئی مستند علاج اور کامیاب دوائی سامنے نہیں آ سکی۔ کورونا کے مریضوں کو دی جانے والی تمام دوائیاں ابھی آزمائشی مراحل ہیں۔واضح رہے کہ مملکت میں کورونا کے مریضوں کی گنتی 1300ہو چکی ہے۔ جبکہ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں