سعودی عرب میں آتش زدگی کا ایک اور واقعہ

تبوک کے گودام میں لگنے والی آگ سے کروڑوں ریال کا نقصان ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 ستمبر 2020 11:07

سعودی عرب میں آتش زدگی کا ایک اور واقعہ
تبوک(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 ستمبر2020ء) سعودی عرب میں رواں سال آتش زدگی کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ آئے روز کسی نہ کسی گودام، کاروباری مرکز یا رہائش گاہ میں آگ لگنے کا واقعہ سامنے آ رہا ہے۔ریاض اور جدہ میں آتش زدگیوں کے واقعات کے بعد اب تبوک شہر میں بھی آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں کروڑوں ریال کا سامان جل کر راکھ ہو گیا ہے۔

محکمہ شہری دفاع کے ترجمان عبدالعزیز الشمری نے بتایا کہ رات گئے ایک فرنیچر کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے بعد فائر بریگیڈ کا عملہ اور طبی اہلکار موقع پر روانہ کر دیئے گئے۔ فرنیچر کے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم اس دوران آگ اتنی پھیل چکی تھی کہ گودام میں رکھا تمام فرنیچر جل گیا۔

(جاری ہے)

آتش زدگی کے اسباب جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ریاض میں سکاکا کی سبزی منڈی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں دُکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس آتشزدگی کے باعث 42 دُکانیں اور ان میں موجود سامان جل کر تباہ ہو گیا جس سے لاکھوں ریال کا مالی نقصان ہوا ہے تاہم خوش قسمتی سے تمام دُکاندار اور گاہک اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ الجوف ریجن کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن عبد الرحمان بن عبد العزیز الضویحی نے بتایا ہے کہ سبزی منڈی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔

اطلاع ملنے کے فوراً بعد ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ آگ پر بہت کم وقت میں کامیاب پا لیا گیا۔ تاہم اس دوران 850 مربع میٹر کے رقبے پر موجود دُکانیں جل کر تباہ ہو گئیں۔ آگ بجھانے کے لیے شہری دفاع کی ٹیموں نے جدید ترین آلات کا استعمال کیا۔ متعلقہ حکام آتش زدگی کے اسباب کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اگر اس آتشزدگی میں کسی انسانی غلطی کا پتا چلا تو ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں