سعودیہ کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بمبار ڈرون سے حملہ

ڈرون طیارہ فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، کچھ ٹکڑے ایئرپورٹ پر جا گرے، بسوں کو نقصان پہنچا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 مئی 2021 10:40

سعودیہ کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بمبار ڈرون سے حملہ
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10مئی2021ء) سعودی عرب میں ایک طرف عید کی تیاریاں جاری ہیں تو دوسری طرف یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی ہے۔سعودی عرب کا ابہا انٹرنیشل ایئرپورٹ تباہی سے بال بال بچ گیا ہے۔سعودی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے ابھا انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر بمبار ڈرون سے کیاگیا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔

عرب عسکری اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے سوموار کی شام کو ایک بیان میں بتایا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تباہی پھیلانے کے لیے بمبار ڈروں سے حملہ کیا گیا تاہم مستعد فضائی افواج نے اسے ہدف پر پہنچنے سے چند لمحے پہلے تباہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس طرح مسافروں کی زندگیاں بال بال بچ گئیں۔ تباہ ہونے والے ڈرون کے کچھ ٹکڑے ابھا ایئرپورٹ کی حدود میں گذرے تاہم اس کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ ہوائی اڈے پر موجود کچھ بسوں کو معمولی نقصان پہنچا۔

انہوں نے بتایا کہ عرب فوجی اتحاد کی جانب سے اب تک حوثیوں کے 369 میزائل ، 626 بمبار ڈرون اور 68 بمبار کشتیوں کے ذریعے حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ ۔اس کے علاوہ سمندر میں حوثیوں کی جانب سے بچھائی 204 بارودی سرنگیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی علاقے نجران کی جانب سے کسی اہم مقام کو نشانہ بنانے کے لیے دو بیلسٹک میزائل داغے تھے۔

تاہم مستعد سعودی اتحادی افواج نے جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے ان تباہ کُن میزائلوں کی نشاندہی کر کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی بدولت انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔ اس طرح سعودی علاقے کسی بڑی تباہی سے بال بال بچ گئے تھے۔ اس کے علاوہ نجران اور جازان پربارودی ڈرونز سے بھی حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم حوثیوں کا یہ حملہ بھی ان ڈرونز کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر کے ناکا م بنا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسی ماہ سعودی عرب کا جدید ترین اور ترقی یافتہ شہر جدہ ایک بار پھر تباہی سے بال بال بچ گیا تھا۔ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے جدہ کے کسی اہم مقام کو ہدف بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم مستعد سعودی فضائی افواج نے اس حملے کو ناکام بنا دیاتھا۔ سعودی وزارت دفاع کے مطابق یمن کی جانب سے جدہ کی سمت میزائل داغا گیا تھا جسے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ جس کی وجہ سے یہ ساحلی شہر بڑی تباہی سے بچ گیا ہے۔ اگر خدانخواستہ یہ میزائل اپنے ہدف تک پہنچ سکتا تو بہت سی جانوں کا ضیاع ہو سکتا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں