حوثی ملیشیا کی تخریبی کارروائی، بارود بردار ڈرون سعودیہ کے ایک اسکول پر آ گرا

سعودی حکام کے مطابق حملے کے وقت اسکول خالی تھا، ورنہ معصوم جانیں خطرے میں پڑ سکتی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 جون 2021 10:59

حوثی ملیشیا کی تخریبی کارروائی، بارود بردار ڈرون سعودیہ کے ایک اسکول پر آ گرا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جون2021ء) سعودی عرب میں گزشتہ چند سالوں سے یمن کی باغی حوثی ملیشیا کی جانب سے بارود بردار ڈرونز اور میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان حملوں میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ آئل تنصیبات کو بھی وقتاً فوقتاً نشانہ بنا کر سعودی مملکت کو معاشی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ان حملوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔

سعودی عرب پر اب ایک تازہ ترین حملہ ہوا ہے ۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک اور ڈرون حملہ کیا گیا ہے یہ بارودی مواد سے لدا ڈرون سعودیہ کے جنوبی ریجن عسیر کے ایک اسکول پر آگرا۔ خوش قسمتی سے اس وقت اسکول میں کلاسز نہیں ہو رہی تھیں ، ورنہ اس حملے میں معصوم انسانی جانوں کو بڑا نقصان پہنچ سکتا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تین روزقبل سعودیہ کو ایک بار پھر بارود بردار ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم حوثیوں کی جانب سے کیے گئے اس دہشت گردانہ حملے کو اتحاد ی افواج نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا تھا۔

سعودی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز حوثی ملیشیا نے خمیس مشیط کے علاقے پر بارود سے لدا ڈرون بھیجا گیا، اس ڈرون کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس طرح سعودی کی شہری آبادی بڑی تباہی سے بال بال بچ گئی ہے۔ ایک روز قبل بھی خمیس مشیط کے علاقے کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔چند روز قبل یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودیہ یمن سرحد کے قریب ایک گاوٴں کی آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔

اس مقصد کے لیے جازان کے سرحدی گاوٴں پر پانچ گولے (پروجیکٹائل) داغے گئے جو کہ خوش قسمتی سے آبادی سے کچھ میٹر دْور ایک سڑک کے آس پاس آ گرے، جہاں اس وقت کوئی ٹریفک نہیں گزر رہی تھی، ورنہ جانی نقصان کا المیہ پیش آ سکتا تھا۔جازان کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان مھند زیلعی نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ گاوٴں کی ایک بڑی سڑک کے قریب پانچ گولے دکھائی دیئے ہیں۔

شہری دفاع کے عملے نے فوراً پہنچ کر دیکھا تو یہ پروجیکٹائل تھے۔ جو خوش قسمتی سے آبادی سے خالی زمین پر آ گرے تھے، جس کی وجہ سے کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حوثیوں نے سعودی عرب پر 8 ڈرون اور تین بیلسٹک میزائل حملے کیے تھے جنہیں مستعد سعودی فضائی افواج نے فوری طور پر فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں