سعودیہ میں کورونا ویکسین کی 2 کروڑ 50 لاکھ خوراکیں لگا دی گئیں

پانچ لاکھ 428 افراد کورونا سے صحت یاب ہو گئے، مزید 1,252 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 جولائی 2021 15:03

سعودیہ میں کورونا ویکسین کی 2 کروڑ 50 لاکھ خوراکیں لگا دی گئیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی2021ء ) سعودی عرب کی جانب سے کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اگرچہ کورونا کیسز کی گنتی میں کمی آئی ہے تاہم ابھی اس موذی وبا پر مکمل خاتمے کی منزل دُور ہے۔ سعودی عرب میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مملکت میں کورونا کیسز کی مجموعی گنتی 5 لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق سوموار کے روز 1,252 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

جس کے بعد مجموعی کیسز کی گنتی 5لاکھ 19ہزار 395 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز اس موذی مرض کی وجہ سے مزید 8 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں9 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے میں1,299 کورونا مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔ مملکت میں اب تک کی صحت یابیاں 5 لاکھ 428 ریکارڈ ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

مملکت میں اب تک 6 سو کے لگ بھگ ویکسی نیشن سنٹرز کے ذریعے ویکسین کی دوکروڑ50 لاکھ سے زیادہ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ جن مقامی اور تارکین افراد نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، وہ پہلی فرصت میں رجسٹریشن کروا کر ویکسین لگوائیں اور خود کو محفوظ بنا لیں۔ مملکت میں ویکسین لگانے کا عمل دسمبر 2021ء کے دوسرے ہفتے میں شروع کیا گیا تھا۔ اس وقت مملکت میں کئی ویکسینز لگائی جا رہی ہیں۔ مملکت میں مقیم تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کو مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔مملکت میں کورونا ویکسین لگوانے والے طلبہ کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق12 سال سے 18 سال کی عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں