سعودیہ میں ڈراؤنا ماسک پہن کر لوگوں کو خوفزدہ کرنے پر 4 افراد گرفتار

ملزمان گوریلا کا ماسک پہن کر لوگوں کو ڈراتے تھے، سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 اگست 2021 09:58

سعودیہ میں ڈراؤنا ماسک پہن کر لوگوں کو خوفزدہ کرنے پر 4 افراد گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اگست 2021ء) موجودہ اکیسویں صدی کے دوران دُنیا بھر میں سوشل میڈیا بے حد مقبول ہوچکا ہے۔ لاکھوں کروڑوں افراد اپنی ذات اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے انوکھی انوکھی حرکتیں کرتے ہیں جو چند منٹوں کے اندر دُنیا بھر میں وائرل ہو جاتی ہیں اور یوں انہیں مشہور ہونے کا بے پناہ موقع ملتا ہے۔ سعودی عرب میں بھی ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر روزانہ ہزاروں افراد اپنی ویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔

تاہم سماجی و مذہبی قوانین اور اقدار کے خلاف کوئی بھی حرکت یا سرگرمی ویڈیو میں ریکارڈ کرنے والے مصیبت میں پھنس جاتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی معاملہ چار نوجوانوں کے ساتھ پیش آیا ہے جو اپنی تفریح کی خاطر لوگوں کو خوفزدہ کرتے تھے اور اس ساری سرگرمی کو ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی اس حرکت نے انہیں گرفتار کروادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریاض پولیس نے چار نوجوانوں کو عوامی مقامات پر لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ چاروں مسخرے نوجوان ریاض کی مارکیٹس اور دیگر رش والے مقامات پر گوریلا کا ماسک پہن کر اچانک سامنے آ جاتے، جس سے لوگ خوفزدہ ہو جاتے اور کچھ لوگ چیخ وپکار بھی شروع کر دیتے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے چاروں نوجوانوں کا تعلق سعودی مملکت سے ہے اور ان کی عمریں 20 سے 30برس کے درمیان ہیں۔

ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ ان نوجوانوں نے مسخرے پن کی یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کی تھیں، جن پر صارفین نے ناراضگی کا اظہار کیا اور پولیس کو رپورٹ کر دی۔ جس کے بعد سائبر کرائمز ونگ نے ان نوجوانوں کا پتا چلا کر انہیں گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو گیا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں