کن ممالک کے باشندے سیاحتی ویزے پر سعودی عرب جا سکیں گے؟

سعودی حکام نے فہرست جاری کر دی، پاکستان کا نام شامل نہیں ہے، سیاحتی ویزہ 90 روز کا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 اگست 2021 10:00

کن ممالک کے باشندے سیاحتی ویزے پر سعودی عرب جا سکیں گے؟
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2021ء) سعودی حکومت نے کورونا وبا کی وجہ سے مملکت میں سیاحتی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں جس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کے بھی مملکت آنے پر عارضی پابندی عائد ہو گئی تھی۔ تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد وزارت سیاحت نے سیاحتی ویزوں پر پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے بعدسعودی عرب کا سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد یکم اگست سے مملکت آ سکتے ہیں۔

تاہم پاکستان سمیت ان متعدد ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزے جاری نہیں ہوں گے جن پر سعودی حکومت نے کورونا وبا کے باعث عارضی سفری پابندی عائد کر رکھی ہے۔سعودی حکومت کی جانب سے فی الحال 49 ممالک امریکا، کینیڈا، اندورا، آسٹریا، بیلجیم، بلغاریہ، کروشیا، قبرص ، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، نیدرلینڈز، ہنگری، آئس لینڈ، آئرلینڈ ، اٹلی ، لیٹویا، لیچنسٹائن، لیتھوانیا، لکسمبرگ، مالٹا، موناکو، مونٹی نیگرو، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سلووینیا، یوکرین، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، سان مارینو، سپین، برونائی، چین (بشمول ہانگ کانگ اور مکاوٴ) ، جاپان ، قازقستان، ملائیشیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، اوشیانا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے باشندوں کو سیاحتی ویزے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ سیاحتی ویزہ 90روز کے لیے ہو گا۔ سعودی سول ایشن نے وضاحت کی ہے کہ صرف انہی ممالک کے سیاحتی ویزے جاری ہوں گے جہاں سے آمد پر پابندی نہیں ہے۔ اس لیے پاکستانی سیاحوں کو فی الحال انتظارکرنا ہو گا۔سیاحتی ویزے کے حصول کے لیے visitsaudi.com پر آن لائن رجسٹریشن کی جاسکتی ہے۔ وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ صرف ان افراد کو مملکت میں سیاحت کے لیے داخلے کی اجازت ہوگی جو کورونا کی دونوں ویکسینز لگوا چکے ہوں۔

کرونا ویکسی نیشن کا سرٹیفیکیٹ پیش کرنے پر بنیادی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو اپنے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اور 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی۔بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو اپنے بارے میں ضروری معلومات مندرجہ ذیل ویب لنک پر درج کرانا ہوں گی:
 "https://muqeem.sa/#/vaccine-registrations/home" 
 اور ’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ انہیں سعودی عرب میں ان پبلک مقامات کی نشاندہی کرنا ہوگی جہاں وہ جانا چاہتے ہیں۔ سیاحت کی غرض سے سعودی عرب میں داخلے سے پہلے منظور شدہ ویکسین فائزر،آسٹرا زینیکا یا موڈرنا کی دو خوراکیں لینا ضروری ہیں جبکہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک کافی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں