خانہ کعبہ کے طواف اور حجرِ اسود کے بوسے کی اجازت کیلئے نئے انتظامات

غیر معتمرین افراد کے مطاف میں اور مطاف کی تمام منزلوں پر مکمل گنجائش کے ساتھ طواف کی اجازت کے لیے سروس کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 نومبر 2021 13:13

خانہ کعبہ کے طواف اور حجرِ اسود کے بوسے کی اجازت کیلئے نئے انتظامات
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر 2021ء ) سعودی عرب نے خانہ کعبہ کے طواف اور حجرِ اسود کے بوسے کی اجازت کیلئے نئے انتظامات کا اعلان کردیا ، غیر معتمرین افراد کے مطاف میں اور مطاف کی تمام منزلوں پر مکمل گنجائش کے ساتھ طواف کی اجازت کے لیے سروس کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گا ۔ العربیہ نیوز نے باوثوق ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ منظور شدہ موبائل ایپلی کیشنوں کے ذریعے حجر اسود کو بوسہ دینے ، رکنِ یمانی کے استلام اور حطیم (حِجرِ اسماعیل) کے اندر نماز کی بکنگ کی خدمت بھی شروع کی جائے گی ، عمرہ اور نماز کی اجازت کے حصول کے لیے اعتمرنا اور توکلنا ایپلی کیشنوں کا استعمال جاری رہے گا ۔

بتایا گیا ہے کہ حرمین شریفین کی انتظامیہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں آنے والوں کو اعلیٰ ترین خدمات پیش کرنے کے واسطے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ، جس کے تحت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کو بھی پوری طرح نافذ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سعودی عرب نے عام شہریوں پر طوافِ کعبہ کے حوالے سے عائد پابندی ختم کردی ، مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کرنے کیلئے بھی نرمی کردی گئی ، اب عام نمازی اور شہری نماز اوقات کے علاوہ مسجد الحرام کی پہلی اور دوسری منزل پر طواف کرسکتے ہیں‘ مسجد نبوی ﷺ میں نماز کی ادائیگی کیلئے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کو ایسے ہی جانے کی اجازت ہوگی ۔

عرب میڈیا کے مطابق طوافِ کعبہ کے سلسے میں پابندی اور مسجدِ نبوی ﷺ میں نماز ادائیگی کی پابندی میں نرمی جنرل پریزیڈنسی نے سعودی وزارت صحت اور حج و عمرہ کی سفارش کے بعد کی ہے ، جس کی روشنی میں اب عام نمازی اور شہری نماز اوقات کے علاوہ مسجد الحرام کی پہلی اور دوسری منزل پر طواف کرسکتے ہیں ، طواف کے خواہش مندوں کو توکلنا اور اعتمرنا سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہوگی ۔

اسی طرح سعودی وزارت حج و عمرہ نے مسجد نبوی ﷺ میں نماز ادا کرنے کے حوالے سے شرائط میں بھی نرمی کردی ہے ، جس کے تحت اب نماز کی ادائیگی کے لیے پہلے سے اجازت ضروری نہیں ہوگی بلکہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والوں کو ایسے ہی جانے کی اجازت ہوگی ، مسجد نبوی میں فرض نمازوں کے لیے وقت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم روضہ مبارک پر نماز اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے پیشگی اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہوگا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں