ریاض سیزن 2021ء نے صرف ایک مہینے میں 30 لاکھ سے زائد سیاحوں کی توجہ حاصل کرلی

سیزن کے آغاز کے بعد سے 14 میں سے 9 زون کھولے گئے ہیں ، دارالحکومت کے اطراف کے مختلف زونز میں مقامی، علاقائی اور عالمی مہمانوں کی تواضع کی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 نومبر 2021 15:50

ریاض سیزن 2021ء نے صرف ایک مہینے میں 30 لاکھ سے زائد سیاحوں کی توجہ حاصل کرلی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر 2021ء ) سعودی عرب میں جاری ریاض سیزن 2021ء نے صرف ایک مہینے میں 30 لاکھ سے زائد سیاحوں کی توجہ حاصل کرلی ۔ عرب نیوز کے مطابق ریاض سیزن 2021 نے 20 اکتوبر کو اپنے آغاز کے بعد سے اب تک ایک مہینے میں 3 ملین زائرین کو راغب کیا ہے ، جہاں دارالحکومت کے اطراف کے مختلف زونز میں مقامی، علاقائی اور عالمی مہمانوں کی تواضع کی گئی ہے ، سیزن کے آغاز کے بعد سے 14 میں سے 9 زون کھولے گئے ہیں ، جن میں بلیوارڈ ریاض سٹی، کامبیٹ فیلڈ، ریاض سیزن ونٹر ونڈر لینڈ، ریاض فرنٹ، المربا، ریاض سفاری، دی گرووز، قریت زمان اور سب سے حالیہ زون السلام ٹری شامل ہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ پانچ ماہ کے عرصے میں ریاض فرنٹ مختلف گروپوں کے لیے 9 بین الاقوامی شوز کی میزبانی کرے گا ، جن میں بچوں ، ماہرین، کاروباری اور سرمایہ کار، فنون، ثقافت، الیکٹرانک گیمز، شاپنگ اور ٹیکنالوجی سے متعلق پروگرام شامل ہیں ، ریاض فرنٹ پہلے ہی تین میلوں کی میزبانی کر چکا ہے، جن میں ویڈیو گیمز کے شائقین کے لیے رش فیسٹیول، جیولری سیلون، جس میں عالمی سطح پر سب سے مہنگے ماسک کی نمائش ہوتی ہے اور ریاض ٹوائے فیسٹیول جہاں بچوں نے اپنے پسندیدہ ٹی وی کرداروں سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ریاض سیزن پروگرام "مزید تصور کریں" کے نعرے کے تحت منعقد کیا گیا ، اس سلسلے میں ہونے والی تقریبات میں 70 عربی کنسرٹس، چھ بین الاقوامی کنسرٹس، دس بین الاقوامی نمائشیں، 350 تھیٹر پرفارمنس، 18 عربی ڈرامے، اور چھ بین الاقوامی ڈرامے شامل ہیں جب کہ سیزن پہلے ہی ایک WWE چیمپئن شپ کی میزبانی کر چکا ہے، اور 200 ریستوران اور 70 کیفے کے علاوہ دو بین الاقوامی میچوں اور 100 انٹرایکٹو تجربات کی میزبانی کرے گا، جو ہر عمر کے گروپوں کو پورا کرتے ہیں۔

ریاض سیزن کی ویب سائٹ کے مطابق اس نے اس سال روزگار کے بڑے مواقع، معیاری معاشی منافع، زبردست غیر ملکی سرمایہ کاری، اور گنیز ورلڈ ریکارڈ کے سرٹیفکیٹس پیدا کیے ہیں۔ اس ہفتے کے اہم ترین پروگراموں میں سے ایک، جو 28 نومبر تک جاری رہے گا، ریاض کار شو ہے ، یہ تقریب ان سیاحوں اور شائقین کے لیے ہے جو دنیا بھر میں 600 نایاب ترین، پرتعیش اور تیز ترین کاروں میں سے کچھ کو دیکھنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں، جو کلاسک اور جدید کے درمیان ہیں ، کار شو کی فروخت اپنے افتتاح کے دوسرے دن کے دوران 15 ملین ریال تک پہنچ گئی ، شو میں برطانوی "سلورسٹون" نیلامی کمپنی کے زیر انتظام عالمی عوامی نیلامیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے اور 26-27 نومبر کو منعقد ہونے والے فیراری سکوڈریا ورلڈ فیسٹیول کا اہتمام کیا جاتا ہے ، اس شو میں فیراری فارمولا 1 ٹیم کے ڈرائیورز بھی ہوں گے جو حاضرین کے لیے روزانہ لائیو شوز کی میزبانی کرتے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں