سعودی عرب نے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی کے لیے نیا نظام نافذ کردیا

زکوۃ و ٹیکس اتھارٹی نے خرید وفروخت کے لیے کیوآرکوڈ سسٹم پر مبنی لازمی ڈیجیٹل رسید کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا‘ نئے نظام کا نفاذ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی یقینی اور شفاف بنانے کلئے کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 دسمبر 2021 12:49

سعودی عرب نے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی کے لیے نیا نظام نافذ کردیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2021ء ) سعودی عرب نے مملکت میں ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی کے لیے نیا نظام نافذ کردیا ، ٹیکس وصولی کی پرانی رسیدیں ختم کرکے خرید و فروخت کی کیو آرکوڈ پر مبنی نئی رسیدیں جاری کی جائیں گی۔ عرب میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ سعودیہ میں نئے نظام کا نفاذ ویلیو ایڈیڈ ٹیکس کی وصولی یقینی اور شفاف بنانے کے لیے کیا گیا ہے ، جس کے لیے زکوۃ و ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے خرید وفروخت کے لیے کیوآرکوڈ سسٹم پر مبنی لازمی ڈیجیٹل رسید کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے ، اس ضمن میں تمام تاجروں کو نئے نظام کے حوالے سے پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ زکوۃ وٹیکس اتھارٹی کی طرف سے متعارف کرائے گئے فول پروف سسٹم کے تحت کسی بھی تجارتی کارروائی کی روایتی رسید جاری نہیں کی جاسکے گی بلکہ اس کی جگہ نئے سسٹم کے تحت بارکوڈ اسکیننگ کے ذریعے خریداری کی رسیدیں جاری ہوں گی جن میں مخصوص کیو آر کوڈ کی سہولت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سعودی عرب نے مملکت آنے والے تمام سعودی اور تارکین وطن کو خبردار کیا ہے کہ تین ہزار مالیت سے زائد کے شاپنگ کے سامان یا تحفے کو ظاہر کرنا لازمی ہوگا ، سعودیہ کی زکوة، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی نے مملکت میں آنے والے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی ذاتی خریداری یا تحفے جس کی مالیت 3 ہزار ریال سے زیادہ ہے یا اس کیمساوی غیرملکی کرنسی کے مطابق اس کی قیمت ادا کی جائے تو وہ کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خریدی گئی اشیا کے ٹیکس کی تفصیلات اور اس کے گوشوارے جمع کرائیں ، اتھارٹی نے مملکت آنے یا جانے والے مسافروں پر زور دیا کہ وہ کرنسی ، زیورات یا 60،000 ریال یا اس سے زیادہ مالیت کے قیمتی سامان ، یا غیر ملکی کرنسیوں میں مساوی سامان کے ٹیکس کی ادائیگی کا ثبوت پیش کریں ، اتھارٹی نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعہ آن لائن مملکت میں سگریٹ اور تمباکو جیسی اشیا لانے یا لے جانے کی تفصیلات فراہم کریں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں