حج وعمرہ زائرین کیلئے ’توکلنا ایپ‘ میں ایک نئی سہولت مہیا کردی گئی

ایپ میں ’مناسک گیٹ‘ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا اجراء ، مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی ، طواف ، مسجد نبوی میں روضہ کی زیارت کیلئے پرمٹ کا حصول ممکن ہوگیا‘ پرمٹ جاری ہونے سے پہلے حرمین میں رش کا جائزہ بھی لیا جاسکے گا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 25 فروری 2022 13:19

حج وعمرہ زائرین کیلئے ’توکلنا ایپ‘ میں ایک نئی سہولت مہیا کردی گئی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 25 فروری 2022ء ) سعودی عرب کی جانب سے حج وعمرہ زائرین کیلئے ’توکلنا ایپ‘ میں ایک نئی سہولت مہیا کردی گئی ۔ سعودی میڈیا کے مطابق توکلنا ایپ میں مملکت کی طرف سے عمرہ و حج کے شعبے کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید بہتربناتے ہوئے ’مناسک گیٹ‘ کے نام سے ایک نئی سروس مہیا کی گئی ہے جہاں توکلنا ایپ پرفراہم کی جانے والی خدمات میں مزید آسانی پیدا کرنے کے لیے حج اورعمرہ کے شعبے کی طرف سے فراہم کی جانے والے تمام خدمات ایک ہی جگہ پر دستیاب کیا گیا ہے ۔

بتایا گیا ہے کہ ’مناسک گیٹ‘ کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا اجراء ، مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی ، طواف ، مسجد نبوی میں روضہ کی زیارت کے لیے پرمٹ کا حصول ممکن بنایا گیا ہے ، اس کے علاوہ ’مناسک گیٹ‘ میں پرمٹ جاری ہونے سے پہلے حرمین میں رش کا جائزہ لینے کی سہولت بھی دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)


و اضح رہے کہ سعودی عرب میں متعدد امور کی سرانجام دہی کے لیے مملکت کے بہت سے سرکاری اداروں کو توکلنا ایپ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے جن میں داخلہ، صحت، انصاف، بلدیاتی و دیہی امور، فروغ افرادی قوت اور حج وعمرہ کی وزارتیں خاص طور پر قابل ذکر ہیں تاہم توکلنا اور ابشر ایپ کو ضم کیے جانے کے حوالے سے حکام کی جانب سے اہم وضاحت سامنے آگئی ۔

العربیہ کے مطابق سعودی وزارت وزیراخلہ کے معاون برائے تکنیکی امور شہزادہ بندربن عبداللہ آل سعود نے کہا ہے کہ ابشر اور توکلنا کو ضم کرنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں ، ایسی تجویز ضرور آئی تھی لیکن اس پرعمل نہیں کیا گیا ، یہ ایک خیال تھا جس کی حیثیت تجویز سے زیادہ نہیں تھی لیکن میڈیا میں اسے تجویز کی بجائے منصوبے کے طور پر پیش کیا گیا تاہم اس طرح کا کوئی پروگرام نہیں ہے ۔ ریاض میں کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ابشر ایپ کا دائرہ کار وزارت داخلہ کی خدمات تک محدود ہے جب کہ توکلنا ایپ کا دائرہ قومی سطح کا ہے ، دونوں ایک دوسرے کو مکمل کرتی ہیں اور مملکت کو بیک وقت دونوں ایپس کی ضرورت ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں