سعودی عرب میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی‘ 5 ملزمان گرفتار

ملزمان 3 لاکھ کے قریب نشہ آور گولیاں مملکت سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 فروری 2022 12:22

سعودی عرب میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی‘ 5  ملزمان گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 فروری 2022ء ) سعودی عرب میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان 3 لاکھ کے قریب نشہ آور گولیاں مملکت سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے ۔ العربیہ نیوز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے شمالی حدود ریجن میں بڑی مقدار میں نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ، سرحدی محافظوں کی ٹیم نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کرنے پر ایک شامی اور 2 عراقیوں کو حراست میں لے لیا ہے ، مزکورہ ملزمان 3 لاکھ کے قریب نشہ آور گولیاں مملکت سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ کوسٹ گارڈ کے اہلکاوں نے محکمہ انسداد منشیات کے تعاون سے نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کے الزام میں مزید 2 سعودی شہریوں کو بھی حراست میں لیا جو منشیات وصول کرنے کے لیے چوکی پرپہنچے ہوئے تھے ، ان ملزمان کے خلاف منشیات سمگل کرنے کا مقدمہ درج کرکے انہیں مزید تحقیقات کے لیے پراسیکیوشن کے ادارے کے حوالے کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ادھر سعودی عرب میں منشیات بیچنے کے الزام میں 2 پاکستانی باشندے پکڑے گئے ، الخوبر پولیس نے دو رہائشیوں کو گرفتار کیا جنہوں نے منشیات نوشی کو فروغ دینے کی کوشش کی جس کے لیے وہ 822 گرام منشیات فروخت کررہے تھے ، اس حوالے سے ایسٹرن ریجن پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ الخوبر پولیس نے ریزیڈنسی سسٹم کی خلاف ورزی کرنے والے دو پاکستانی باشندوں کو 822 گرام منشیات فروخت کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا ، جن کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور انہیں مجاز اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا ۔

علاوہ ازیں سعودی عرب میں جعلی سرکاری دستاویزات بنا کر ہیر پھیر میں ملوث 8 پاکستانی پکڑے گئے ، ریاض پولیس نے 8 افراد پر مشتمل ایک ایسے گروہ کو گرفتار کیا ہے جو کہ جعلی سرکاری دستاویزات تیار کرتے تھے ان ملزمان کا تعلق پاکستان سے ہے ، جن کے بارے میں پولیس معلومات ملی تھیں کہ ریاض شہر میں نامعلوم افراد پر مشتمل ایک ایسا گروہ سرگرم ہے جو جعلی دستاویزات تیار کرکے انہیں فروخت کرتا ہے ، ملزمان کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل ہونے کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔

اس حوالے سے ترجمان ریاض پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کی رہائش سعودی دارالحکومت ریاض میں تھی جہاں انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے اپنے 2 ٹھکانے بنائے ہوئے تھے ، ان مقامات پر چھاپوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے جعلی سرکاری شناختی دستاویزات تیار کرنے والے آلات ، پرنٹر اور دیگر اشیاء کے ساتھ رقم بھی برآمد کی گئی ، پولیس نے ملزمان کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا ، جہاں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کا مقدمہ فوجداری عدالت کو بھیج دیا جائے گا۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں