سعودی عرب کا لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان

خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی ٹرین سروس کیلئے اٹلی کے گروپ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 مارچ 2023 09:15

سعودی عرب کا لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مارچ2023ء) سعودی عرب نے لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی ریلوے کمپنی ’سار‘ نے اٹلی کے ایک گروپ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت مشرق وسطیٰ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لگژری ٹورسٹ ٹرین سروس شروع کی جائے گی، مفاہمتی یادداشت کے تحت ’سار‘ لگژری ٹرین آپریٹ کرے گی، ریلوے لائن بچھائے گی اور دوران سفر کھانے پینے کی تمام سہولتوں اور فیول کا انتظام کرے گی۔

معلوم ہوا ہے کہ اس منصوبے کے لیے اٹلی کی کمپنی لگژری ٹرین کی بوگیاں تیار کرے گی، پراجیکٹ کی مارکیٹنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم کی فراہمی اور بکنگ کی سہولت کی بھی ذمہ دار ہوگی جب کہ لگژری ٹورسٹ ٹرین کے روٹ کی نشاندہی بھی اطالوی کمپنی کے ذمے ہوگی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں لگژری ٹرین متعارف کرانے کا مقصد سیاحت کا فروغ اور سعودی شہریوں اور سیاجوں کو زیادہ سے زیادہ پرکشش سیاحتی مقامات دریافت کرنے کے مواقع مہیا کرنا ہے، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت مین ثقافت، سیاحت اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو سپورٹ کرنے کے لیے سرمایہ کاری فنڈ کا آغاز کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی ’ ایس پی اے‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان ایونٹس انویسٹمنٹ فنڈ (EIF) کے چیئرمین ہوں گے، جو ایک ایسا فنڈ ہے جس کا مقصد مملکت بھر میں ثقافت، سیاحت، تفریح اور کھیلوں کے شعبوں کے لیے پائیدار انفراسٹرکچر تیار کرنا ہے، اس فنڈ کا مقصد مقامی صنعت کو فروغ دینے، غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور ایک متحرک معاشرے کے وژن 2030ء کے حصول کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنا ہے۔

کہا گیا ہے کہ ای آئی ایف 2030ء تک 35 سے زیادہ مقامات کی ترقی کا تصور، مالی اعانت اور نگرانی کرے گا، فنڈ کا مقصد مختلف شعبوں میں مملکت کو عالمی مرکز کے طور پر کھڑا کرنا ہے تاکہ ایک پرجوش قومی تقریبات کی فراہمی کے لیے عالمی معیار کا پائیدار بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جا سکے، اس فنڈ کے اثاثوں میں اندرونی میدان، آرٹ گیلریاں، تھیٹر، کانفرنس سینٹرز، ہارس ریسنگ ٹریکس، آٹو ریسنگ ٹریکس اور مملکت بھر میں تقریبات کی دیگر سہولیات شامل ہیں، جس کا مقصد 2023ء کے اختتام تک اپنا پہلا اثاثہ فراہم کرنا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں