سعودی عرب کا پاکستان ایران کے تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم

امید ہے دونوں ممالک اقوام متحدہ کے منشور اور حسن ہمسائیگی کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر اختلافات حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ سعودی وزارت خارجہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 جنوری 2024 14:17

سعودی عرب کا پاکستان ایران کے تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جنوری 2024ء ) سعودی عرب نے پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے اور سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے، مملکت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب کشیدگی کو کم کرنے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے، امید ہے دونوں ممالک اقوام متحدہ کے منشور اور حسن ہمسائیگی کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر اختلافات حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور فریقین اپنے تمام اختلافات پرامن وسائل، مکالمے کے ذریعے بین الاقوانی قانون کے بنیادی اصولوں کے مطابق حل کرلیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان ایران تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، ایران اور پاکستان کے درمیان کمرشل پروازیں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے بعد فضائی ٹریفک میں بھی بہتری آگئی ہے، ایران کی مہان ایئر لائن کی پرواز تہران سے لاہور ایئرپورٹ لینڈ کر گئی، پرواز میں تہران سے 100 سے زائد مسافروں کو لاہور ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔

قبل ازیں پاکستان اورایران کے درمیان سفارتی تعلقات پھر سے بحال ہوچکے ہیں اور دونوں ممالک نے سفیروں کو دوبارہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی گفتگو کے دوران سفیر واپس بھجوانے پر بات چیت ہوئی، سفیر بھجوانے سے متعلق تاریخ جلد طے کی جائے گی، نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں قریبی برادرانہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر زور دیا، نگراں وزیرخارجہ نے کہا کہ علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا احترام تعاون کی بنیاد پر ہونا چاہیئے، انسداد دہشت گردی پرتعاون اورقریبی رابطہ کاری کو مضبوط کیا جانا چاہیئے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں