طائف میں پاکستانی بیوی پر تشددکی انتہا کرنے والاخاوند گرفتار

پولیس کے مطابق خاتون کا خاوند ایک سکول میں ٹیچر ہے مگر نشے کا عادی ہو چکا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 نومبر 2019 11:14

طائف میں پاکستانی بیوی پر تشددکی انتہا کرنے والاخاوند گرفتار
طائف (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2019ء) سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی خاتون کافی عرصہ سے اپنے نشئی شوہر کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بنتی آ رہی تھی، تاہم پڑوس میں مقیم ایک نوجوان نے خاتون کی چیخ و پُکارپر مبنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تو طائف پولیس بھی حرکت میں آ گئی اور پاکستانی خاتون کے ظالم شوہر کو اپنی بیوی کو بدسلوکی اور مار پیٹ کا نشانہ بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے ۔

سبق ویب سائٹ نے پولیس ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستانی خاتون کئی سالوں سے سعودی عرب میں مقیم تھی۔ اُس کی شادی چند سال پہلے ایک سکول ٹیچر سے ہوئی ، جو نشے کا عادی تھا۔ تاہم اس اسکول ٹیچر کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی۔ یہ ظالم شوہر اپنی پاکستانی بیوی کو کافی عرصے سے مار پیٹ کا نشانہ بنا رہاتھا۔

(جاری ہے)

جب بھی خاتون پر تشدد ہوتا تو اس کی بلند آواز میں چیخ و پُکار آس پاس کے رہائشیوں کو بھی سُنائی دیتیں۔

تاہم لوگ اسے میاں بیوی کا معاملہ جان کر معاملے میں دُور رہنے میں ہی بہتری سمجھتے تھے۔ کافی عرصہ تک ایسے ہی چلتا رہا۔ تاہم ایک حساس دِل نوجوان نے فیصلہ کیا کہ خاتون پر ہونے والے بہیمانہ تشدد کا پتا چلایا جائے۔ اس نے خاتون کی چیخ و پُکار کی آوازوں پر مبنی ویڈیو ریکارڈ کر کے اسے ٹویٹر پر پوسٹ کر دیا۔ اس پوسٹ کے ساتھ نوجوان نے لکھا کہ اُسے اس محلے میں آئے چند روز ہوئے ہیں، روزانہ ہی ایک عمارت میں واقع کسی رہائشی اپارٹمنٹ سے کسی خاتون کی ایسی درد ناک چیخیں سُنائی دیتیں ہیں جسے اُسے کوئی بہت بے دردی سے مار پیٹ رہا ہو۔

خاتون چیخ و پُکار کے دوران اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے پڑوس والوں کو آواز دے کر مدد کے لیے پُکارتے ہوئے کہتی تھی کہ مجھے میرے ظالم شوہر سے بچاؤ۔ مگر چند دِنوں سے خاتون کی آوازیں آنا بند ہو گئیں۔ جس کے باعث ا سے فکر لگ گئی کہ خدانخواستہ خاتون کے ساتھ کچھ غلط تو نہیں ہو گیا۔ نوجوان نے یہ بھی بتایا کہ اُسے دیگر پڑوسیوں نے بتایا کہ خاتون کا شوہر منشیات کا عادی تھا، شروع میں وہ خاتون کی پُکار سُن کر اُس کے اپارٹمنٹ پہنچ بھی جاتے تھے، مگر ایک دو روز بعد دوبارہ خاتون کے ساتھ تشدد شروع ہو جاتا۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے پر ٹویٹر صارفین نے پڑوسیوں کی بے حِسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پڑوسیوں نے اس خاتون پر ہونے والے ظلم و ستم پر خاموشی کیوں اختیار کی، اگر کسی نے بہت پہلے پولیس کو اطلاع دی ہوتی تو خاتون کو ظالم شوہر کے چنگل سے بچایا جا سکتا تھا۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مقامی پولیس حرکت میں آئی اور پاکستانی خاتون کے شوہر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار خاوند سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں