ابو ظہبی: جوتی سے پیٹنے کی دھمکی دینے والی لڑکی مصیبت میں پڑ گئی

عدالت نے بھاری جرمانہ عائد کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 جنوری 2019 13:51

ابو ظہبی: جوتی سے پیٹنے کی دھمکی دینے والی لڑکی مصیبت میں پڑ گئی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جنوری 2019ء) ابو ظہبی میں مقیم ایک نوجوان نے ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ مُدعی نوجوان نے اپنی شکایت میں مؤقف اختیار کیا کہ لڑکی نے اُسے دھمکی دی کہ اگر وہ چُپ نہیں کرے گا تو وہ اپنی جوتی اُتار کر اُسے پیٹ ڈالے گا۔ نوجوان کے مطابق اُس نے لڑکی سے نہ تو کوئی نامناسب بات کی تھی نہ اُس سے کوئی بدتمیزی کی تھی، جس کی بناء پر لڑکی اُس سے ایسی دھمکی آمیز بات کرتی۔

وہ لڑکی کے منہ سے یہ بات سُن کر پریشان ہو گیا۔ اُسے سمجھ نہ آئی کہ لڑکی کی جانب سے ایسی زبان کیوں استعمال کی گئی۔ اُس نے خود کو بہت دُکھی محسوس کیا جس کی بلاوجہ توہین کی گئی۔ جس پر اُس نے لڑکی کو اُس کے نامناسب ریمارکس پر مزہ چکھانے کا فیصلہ کیا۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران لڑکی نے نوجوان کی توہین کرنے سے انکار کیا ۔

(جاری ہے)

تاہم گواہان نے نوجوان کے دعویٰ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکی نے بلاجواز نوجوان کو بُرا بھلا کہا اور اُسے جوتی سے پیٹنے کی دھمکی دی۔

جس سے نوجوان کو سب کے سامنے بے عزتی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ جس پر عدالت نے لڑکی کو بارہ سو درہم کا جرمانہ کیا ، اس کے علاوہ مقدمے کی قانونی فیس بھی لڑکی کو ادا کرنے کا حکم سُنایا۔ لیکن معاملہ یہیں پر ختم نہیں ہوا بلکہ کیس کو سول کورٹ منتقل کیا گیا ہے جہاں پر اس بات کا فیصلہ ہو گا کہ نوجوان کو ذہنی اذیت پہنچانے پر لڑکی کو اُسے ہرجانے کے طور پر کتنی رقم ادا کرنا ہو گی۔ لڑکی نے اس فیصلے کے خلاف دیگر عدالتوں سے بھی رُخ کیا، مگر عدالتوں نے فیصلہ بحال رکھا ہے۔ یقیناًلڑکی اُس وقت کو کوس رہی ہو گی جب اُس نے نوجوان کو جوتی سے پیٹنے کی بے جا دھمکی دی تھی۔

متعلقہ عنوان :

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں