ابو ظہبی میں دو سکول بسوں کو پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں 9 بچے زخمی

پہلے واقعے میں 6 بچے زخمی ہوئے جبکہ دُوسرے واقعے کے نتیجے میں 3 بچوں کو چوٹیں آئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 29 جون 2019 12:36

ابو ظہبی میں دو سکول بسوں کو پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں 9 بچے زخمی
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 29جُون 2019ء) ابو ظہبی میں دو سکول بسوں کو الگ الگ مقامات پر حادثات پیش آنے کے باعث مجموعی طور پر 9 بچے زخمی ہو گئے۔ ان زخمی ہونے والے بچوں میں غیر مُلکی اور اماراتی دونوں شامل ہیں۔ پہلا واقعہ ال رِیم آئی لینڈ میں یونین بینک کے قریب پیش آیا جب بچوں سے بھری سکول بس ایک کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 6 بچے زخمی ہو گئے۔

ایک ایشیائی بچی کو اس حادثے میں شدید چوٹیں آئی ہیں، جبکہ باقی بچے معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ اس واقعے میں ایک مرد اور ایک خاتون بھی زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ دُوسرا واقعہ ال رہا بیچ کے علاقے میں اُس وقت پیش آیاجب بچوں کی سکول بس ایک گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں تین اماراتی بچے زخمی ہوئے اس کے علاوہ دو خواتین کو بھی چوٹیں آئیں۔

(جاری ہے)

ابھی تک پولیس کی جانب سے واضح نہیں کیا گیا کہ دونوں حادثات کس طرح پیش آئے۔

محکمہ پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ اپنے سے اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔ ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیر محمد ظاہی الحُمیری نے عوام سے کہا ہے کہ وہ محتاط انداز سے ڈرائیونگ کریں اور اپنی تمام تر توجہ ٹریفک اور سڑک پر مرکوز رکھیں۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ کھانے پینے اور سگریٹ پینے سے بھی گریز کریں۔ اگر غنودگی طاری ہو یا نیند کا غلبہ ہو تو تھوڑی دیر کے لیے گاڑی سڑک کے کنارے روک کر خود کو آرام دیں اور پھرڈرائیونگ کریں تاکہ ذرا سی بے احتیاطی یا لاپرواہی کسی مہلک حادثے کا باعث نہ بن جائے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں