ابو ظہبی میں چھوٹی بچی کے جھولے سے گرنے کے معاملے پر ایک ملازم کو قید ہو گئی

پارک کی انتظامیہ کو حفاظتی انتظامات میں کوتاہی برتنے پر 80 ہزار درہم کا جرمانہ کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 8 جولائی 2019 13:53

ابو ظہبی میں چھوٹی بچی کے جھولے سے گرنے کے معاملے پر ایک ملازم کو قید ہو گئی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 جولائی 2019ء) کچھ عرصہ قبل ابو ظہبی کے ایک پارک میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک بچی جھولےسے گر کر 6 میٹر (تقریباً 18 فٹ) کی بلندی سے زمین پر آ گِری۔ اتنی اُونچائی سے گرنے کے سبب بچی کی کمر، ہاتھوں اور پیر پر شدید چوٹیں آئی تھیں اور اُسے کافی عرصہ ہسپتال میں گزارنا پڑتا۔ اس مقدمے کی سماعت ابو ظہبی کی عدالت میں ہوئی جس میں فاضل جج نے پارک کی انتظامیہ کو انتہا درجے کی غفلت اور حفاظتی انتظامات میں کوتاہی برتنے کا ذمہ دار ٹھہرا کر اس پر 80ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا اور ایک ملازم کو ایک سال قید کی سزا بھی سُنا دی۔

جبکہ متاثرہ بچی کے والدین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی بیٹی کو پہنچنے والی جسمانی اور نفسیاتی اذیت کے ازالے کے لیے متعلقہ عدالت میں کیس دائر کریں تاکہ اُنہیں ذمہ داروں سے ہرجانے کی مد میں معقول رقم حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ بچی ابوظہبی میں واقع ایک تفریحی پارک میں اپنے والدین کے ساتھ گئی تھی۔ ایک اُونچے جھولے کی سواری کے دوران وہ زمین پر آ گری۔

جس سے اُسے شدید چوٹیں آئیں اور اُسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تحقیقات سے پتا چلا کہ یہ واقعہ پارک انتظامیہ اور اس کے ایک ملازم کی غیر ذمہ داری کے باعث پیش آیا۔ ملازم نے بچی کو جھولے پر سوار کرانے کے بعداُسے حفاظتی بیلٹ نہیں باندھی تھی، جس کے باعث وہ زمین پر گر گئی۔ اگر ملازم اس سنگین غفلت کا مظاہرہ نہ کرتا تو ایسا واقعہ ہرگز پیش نہ آتا۔ انہی تحقیقات کی بناء پر ملزم کو جیل کی سزا سُنائی گئی اور پارک انتظامیہ کو بھاری جرمانہ کیا گیا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں