متحدہ عرب امارات میں ٹرک کے ذریعے 18 افراد کو اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی

18 سے زائد غیر مُلکیوں کو ٹرک کے تختے کے نیچے خالی جگہ میں چھُپایا گیا تھا، جن میں خواتین بھی شامل تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 ستمبر 2019 12:11

متحدہ عرب امارات میں ٹرک کے ذریعے 18 افراد کو اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12ستمبر 2019ء) ابوظہبی پولیس کی جانب سے 18 سے زائد افراد کو اومان سے متحدہ عرب امارات میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔پولیس کے مطابق ان افراد کو جن میں خواتین بھی شامل تھیں ایک ٹرک کے تختے کے نیچے بنی خالی جگہ میں چھُپایا گیا تھا۔ ان افراد کو العین میں امارات اور اومان کے درمیان ختم ال شکلا بارڈر سے ٹرک کے ذریعے امارات منتقل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم ان کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔

تمام مرد و خواتین کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابوظہبی پولیس کے مطابق ایک مخبر کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ اومان کی سرحد کے ذریعے ایک درجن سے زائد افراد کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کارروائی کو ابو ظہبی پولیس اور جنرل ڈائریکٹوریٹ ابوظہبی کو مشترکہ طور پر انجام دیا گیا۔

(جاری ہے)

ابو ظہبی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تمام بارڈرز پر سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے انسانوں اور منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے زیادہ تر اپنے مقصد میں ناکام ہی رہتے ہیں۔

اکثر غیر قانونی طور پر مقیم افراد لُوٹ مار، چوری، قتل اور دیگر وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ان غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف حکومت کی جانب سے بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ یہ غیر قانونی افراد ملکی معیشت پر بڑا بوجھ بن جاتے ہیں اور سماج کے لیے بھی بہت بڑا خطرہ ہیں۔ اس لیے ان کی غیر قانونی طور پر امارات میں منتقلی کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جاتا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں