ابوظہبی کے عوام کو ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے اچھی خبر سُنا دی

ابوظہبی میں جاری ٹریفک جرمانوں کی رعایتی اسکیم میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 21 مارچ 2020 16:00

ابوظہبی کے عوام کو ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے اچھی خبر سُنا دی
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2020ء) دُنیا بھر میں کورونا نے اپنی دہشت پھیلا رکھی ہے۔ امارات میں مقیم مقامی اور تارکین وطن بھی اس وقت خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں اور یہ اُمید لگائے بیٹھے ہیں کہ مملکت سے جلد از جلد کورونا کے موذی مرض کا پوری طرح سے خاتمہ ہو جائے گا۔ پریشان افراد کے لیے ابوظہبی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک اچھی خبر سُنائی گئی ہے۔

ابو ظہبی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ریاست میں عوام کو ٹریفک جرمانوں میں دی جانے والی 50 فیصد کی رعاتی اسکیم کی مُدت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یہ اسکیم جسے آج 22 مارچ 2020ء کو ختم ہو جانا تھا، اب اس کی مُدت میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس طرح اب عوام 22جون تک اپنے ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد کی رعایت حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کی یہ اسکیم گزشتہ سال دسمبر میں شروع کی گئی تھی، جس سے ہزاروں افراد نے فائدہ اُٹھا کر اپنے 50 فیصد ٹریفک جرمانے معاف کروائے اور اس طرح اپنی گاڑیوں کو ضبط ہونے سے بھی بچا لیا۔

اس سکیم کے تحت جن لوگوں نے خود پر عائد ٹریفک جرمانوں کی رقم 60روز کے اندر ادا کر دی، انہیں جرمانوں میں 35 فیصد کی رعایت دی گئی، جبکہ جن افراد نے 60 روز کے بعد جرمانے ادا کیے، انہیں 25 فیصد کی رعایت دی گئی ہے۔تاہم خطرناک خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو جرمانوں میں رعایت نہیں دی گئی۔ ابوظہبی پولیس کی جانب سے اس رعایتی اسکیم میں مزید تین ماہ کی توسیع سے ہزاروں افراد کو مالی طور پر بہت بڑا فائدہ ہو گا۔ ابو ظہبی پولیس کے مطابق جرمانوں کی رعایتی اسکیم کے باعث بہت سارے افراد کو اپنا لیگل اسٹیٹس بہتر بنانے اور رقم کے بڑے نقصان سے بچنے کا موقع مِلا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں