متحدہ عرب امارات میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا 1,217 مریض شفایاب ہو گئے ، جبکہ صرف 603نئے کیسز رپورٹ ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 11 جون 2020 15:59

متحدہ عرب امارات میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جون 2020ء) متحدہ عرب امارات کا ہیلتھ سسٹم دُنیا کے بہترین ہیلتھ سسٹمز میں سے ایک ہے، جس کے باعث مملکت میں کورونا کے حوالے سے حوصلہ افزا رپورٹس سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ امارات میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کوروناکے 1,217 مریض شفایاب ہو گئے ، جبکہ صرف 603نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

جس سے پتا چلتا ہے کہ صحت یاب ہونے والوں کے مقابلے میں نئے مریضوں کی گنتی گھٹ رہی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔اب تک کورونا سے مجموعی طور پر 286 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ گزشتہ ایک روز کے اندر مزید 45 ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے۔

(جاری ہے)

جن میں سے بہت کم افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ اب تک 26 لاکھ کے قریب افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔

واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔

گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاوٴن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں