متحدہ عرب امارات میں یومیہ کورونا کیسز میں کمی ہونے لگی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناکے صرف 491 کیسز رپورٹ ہوئے، مجموعی تعداد 41,990ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 جون 2020 17:09

متحدہ عرب امارات میں یومیہ کورونا کیسز میں کمی ہونے لگی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جون 2020ء) متحدہ عرب امارات کا ہیلتھ سسٹم دُنیا کے بہترین ہیلتھ سسٹمز میں سے ایک ہے، جس کے باعث مملکت میں کورونا کے حوالے سے حوصلہ افزا رپورٹس سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ امارات میں کورونا مریض تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ہیں، جبکہ یومیہ کیسز کی گنتی بھی گھٹ رہی ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے صرف 491 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی 41,990 ہو گئی ہے۔ مملکت میں گزشتہ ایک روز کے دوران کورونا کا ایک مریض جاں بحق ہوا ہے، جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 288 ہو گئی ہے۔ اسی طرح گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 815 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اب تک مملکت میں کورونا کے 26,761 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

پچھلے چند روز میں 40 ہزارسے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے۔ جن میں سے بہت کم میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ اب تک 26 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔ واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔

ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاوٴن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں