کیا متحدہ عرب امارات میں 2 ہفتے کے لیے شاپنگ مالز بند ہو رہے ہیں؟

اماراتی ادارے کی جانب سے شاپنگ مالز کی بندش کے حوالے سے اہم وضاحت سامنے آ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 6 جولائی 2020 12:53

کیا متحدہ عرب امارات میں 2 ہفتے کے لیے شاپنگ مالز بند ہو رہے ہیں؟
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا کی وبا پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 51 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئیں کہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث حکومت کی جانب سے شاپنگ مالز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ دعوے بھی کیے گئے کہ بہت جلد امارات بھر کے تمام شاپنگ مالزدو ہفتے کے لیے بند کر دیئے جائیں گے۔

تاہم اس حوالے سے اماراتی حکام کی جانب سے وضاحت کر دی گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے شاپنگ مالز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔اتھارٹی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر شاپنگ مالز بند کرنے کی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے قطعاً کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

عوام سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں پر یقین نہ کریں۔ کسی بھی معاملے میں اگر درست اور مصدقہ اطلاعات درکار ہوں تو حکومتی اداروں کی آفیشل ویب سائٹس چیک کی جائیں۔ لوگوں کو یہ بھی چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر جعلی پوسٹوں کی تصدیق کیے بغیر انہیں شیئر نہ کریں، کیونکہ سائبر کرائم قوانین کے تحت یہ جُرم میں شمار ہوتا ہے۔غلط اور جھوٹی معلومات پھیلانے پر قید اور جرمانہ دونوں سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اماراتی حکومت کی جانب سے تمام کاروباری مراکز کے لیے سرکاری طور پر سرکلر جاری کیا گیا ہے کہ مرکزی دروازوں پر تھرمل سکیننگ کیمرے نصب کرنے لازمی ہوں گے جس سے داخل ہونے والے ہر شخص کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جائے گا۔جن افراد کا درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ سے زائد ہو گا، انہیں تجارتی مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا جائے گا۔شاپنگ مالز دوپہر سے رات 9بجے تک کھُلیں رہیں گے۔

کوئی بھی گاہک کسی شاپنگ مال میں تین گھنٹے سے زائد نہیں ٹھہر سکے گا، شاپنگ مال میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہو گا اور انٹری کے مقام پر ہر شخص کا تھرمل سکینر سے جسمانی درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔ شاپنگ مال میں رش کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس مقصد کے لیے کسی بھی شاپنگ مال میں ایک وقت میں کُل گنجائش کے صرف 30 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔

شاپنگ مالز میں 60 سال سے زائد عمر کے معمر افراد اور 3 سے 12 سال کے بچوں کو داخلی کی اجازت نہیں ہو گی۔ شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو آپس میں کم از کم دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ہو گا۔ مالز میں کار پارکنگ کی 75 فیصد جگہ بند ہو گی، والٹ پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔ رش سے بچنے کے لیے شاپنگ مالز کو تمام داخلی اور خارجی دروازے کھُلے رکھنے ہوں گے۔

تمام دُکانوں کے عملے کو گاہک کو ہر شے دکھانے کے بعداسے سینیٹائز کرنا لازمی ہو گا۔شاپنگ مال میں داخلے کے وقت اگر کسی گاہک میں سکریننگ کے دوران کورونا کی مشتبہ علامات یا تیز بخار کی کیفیت پائی جائے تو اس کے لیے ہر شاپنگ مال کو ایک الگ سے احاطہ مختص کرنا ہو گا۔ شاپنگ مالز میں موجود ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس پر بھی اصل گنجائش کے صرف 30 فیصد گاہکوں کو بٹھایا جائے گا۔ تمام ٹیبلز کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ لازمی ہو گا۔ گاہکوں کو کھانے پینے کا سامان ڈسپوزیبل برتنوں میں دیا جائے ۔ جبکہ فرش اور ٹیبلز کی سطح کو ہر گاہک کے استعمال کے بعد 75 فیصد الکوحل سے صاف کیا جائے گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں