متحدہ عرب امارات جیسا ملک واقعی اور کوئی نہیں

دُنیا کے محفوظ ترین شہروں میں ابوظبی دوسرے، دُبئی چھٹے اور شارجہ ساتویں نمبر پر آ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 جولائی 2020 14:20

متحدہ عرب امارات جیسا ملک واقعی اور کوئی نہیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات روزگار اور سیاحت کے حوالے سے ایک مثالی جگہ ہے، جسے اپنے ملک میں مناسب کمائی نصیب نہ ہوتی ہو، اس کی ساری مالی پریشانیاں امارات میں آ کر ختم ہو جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے دُنیا بھر سے لاکھوں افراد نے اس مملکت کو اپنا ٹھکانہ بنا رکھا ہے۔ رہائش، سہولیات، قانون کی پابندی اور جرائم کی کم شرح کے باعث امارات ایک بہترین مملکت ہے۔

متحدہ عرب امارات کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ دُنیا کے 10 محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں سے تین شہر امارات کے ہی ہیں۔ یہ اعزاز دُنیا کے کسی اور مُلک کو نصیب نہیں ہو سکا۔ گلوبل کرائم انڈیکس کی نئی ریٹنگ میں شارجہ، دُبئی اور ابوظبی کو دُنیا کے دس محفوظ ترین شہروں میں شامل کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

محفوظ ممالک سے متعلق اس انڈیکس میں متحدہ عرب امارات کو84.55 پوائنٹس کے ساتھ مجموعی طور پر تیسرا نمبر دیا گیا ہے۔

جبکہ دُنیا بھر کے زیادہ آبادی والے شہروں میں کم جرائم والے شہروں کی رینکنگ میں ابوظبی88.44 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، دُبئی 83.01 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور شارجہ 82.71 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر براجمان ہے۔جبکہ معیار زندگی کے اعتبار سے دُنیا کے 200 ممالک میں سے متحدہ عرب امارات کو 24واں نمبر دیا گیا ہے۔ دُنیا کے کم جرائم والے10 سرفہرست شہروں میں تائیوان، کیوبک (کینیڈا)، زیورخ (سوئزرلینڈ)، میونخ (جرمنی) اور ایسکیسہر (ترکی) بھی شامل ہیں۔

جبکہ دُنیا کا خطرناک ترین شہر کراکس (وینزویلا) کو قرار دیا گیا ہے۔اسی طرح دیگر خطرناک ترین شہروں میں پریٹوریا (ساؤتھ افریقہ)، سان پیڈرو سولا (ہنڈراس)، پورٹ مورس بے (پاپوا نیو گنی) اور پیٹر ماریٹز برگ (ساؤتھ افریقہ ) شامل ہیں۔ محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں تائیوان کو 84.74، جارجیا کو 79.5، عمان کو 79.38، ہانگ کانگ کو 79.09 پوائنٹس دیئے گئے ہیں۔ جاپان، سوئزرلینڈا ور سلوینیا کا شمار بھی محفوظ ترین ممالک میں کیا گیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں