ابوظبی حکومت نے ویزہ ہولڈرز کے بعد اب سیاحوں کو بھی خوش خبری دے دی

ابوظبی آنے والے تمام غیر ملکی سیاحوں کو ویکسین مفت لگائی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 جون 2021 09:48

ابوظبی حکومت نے ویزہ ہولڈرز کے بعد اب سیاحوں کو بھی خوش خبری دے دی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جون 2021ء) ابوظبی کی حکومت نے اماراتی شہریوں اور اماراتی ویزہ ہولڈرز کے بعد اب سیاحوں کو بھی خوش خبری دی ہے کہ ابوظبی آنے والے تمام غیر ملکی سیاحوں کو بھی اب ویکسین لگائی جائے گی جو بلامعاوضہ ہوگی۔ تاہم ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ سیاحوں کو یہ سہولت دُبئی اور شارجہ سمیت دیگر اماراتی ریاستوں کو بھی ملے گی یا فی الحال صرف ابوظبی آنے والے سیاحوں کو دی جائے گی۔

العربیہ نیوز کے مطابق ابوظبی کی ہیلتھ سروسز کمپنی نے ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ اس امارت کے جاری کردہ ویزے اور پاسپورٹ کے حامل افراد اگر سیاحتی ویزے پرابوظبی میں آتے ہیں تو وہ مفت ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں۔قبل ازیں ابوظبی کے میڈیا دفتر نے یہ اطلاع دی تھی کہ زایدالمیعاد اقامتی اور داخلے کے ویزے کے حاملین مفت ویکسین لگوانے کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

یواے ایک میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران میں ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ابوظبی میں داخل ہونے والوں پر ابھی تک گھروں میں قرنطین میں رہنے اور وقفے وقفے سے پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی پابندی عاید ہے۔دوسری امارتوں سے ابوظبی میں آنے والے لوگوں پر بھی پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دکھانا لازم ہے۔چین ، جرمنی اور امریکا سمیت 27 ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافرابوظبی میں قرنطین کی شرط کے بغیر آسکتے ہیں۔

ابوظبی میں چین کے سرکاری ملکیتی دواساز ادارے سائنوفارم اور فائزر اور بائیواین ٹیک کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔چند ماہ ماہ پہلے سائنوفارم ویکسین لگوانے والوں کو اب فائزر،بائیو این ٹیک کی ویکسین کی اضافی خوراک لگائی جارہی ہے۔امارات میں حکومت کی جانب سے آسٹرازینکا، فائزر/بائیو این ٹیک، سائنوفارم اور اسپوتنک پنجم ویکسینیں لگائی جارہی ہیں۔اس وقت وہ شہریوں اور مکینوں کو ویکسین لگانے کی شرح کے اعتبار سے دنیا میں سب سے پہلے نمبر پر ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں