متحدہ عرب امارات نے دوپہر میں کام کرنے پر پابندی ختم کردی

آج سے بیرونی مزدوری کرنے والے کارکن معمول کے مطابق اپنا کام شروع کریں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 ستمبر 2021 10:29

متحدہ عرب امارات نے دوپہر میں کام کرنے پر پابندی ختم کردی
ابو ظہبی ( اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 ستمبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں دوپہر کے وقت کام کرنے پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رائج لیبر قوانین کے تحت دوپہر میں کام کرنے پر عائد کی گئی پابندی کی مدت ختم ہوگئی ہے ، جس کے بعد آج 15 ستمبر2021ء سے لیبر معمول کے اوقات کے مطابق کام شروع کریں گے ، اس حوالے سے وزارت انسانی وسائل اور امارتائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ دوپہر کے وقفے کی مدت جو 15 جون کو شروع ہوئی تھی جس میں دوپہر 12:30 سے ​​سہ پہر 3 بجے تک کھلی جگہوں پر مزدوروں کے کام پر پابندی عائد کی گئی تھی یہ پابندی 15 ستمبر بروز بدھ کو ختم ہوگئی ہے ، جس کے بعد آج سے بیرونی مزدوری کرنے والے کارکن معمول کے مطابق اپنا کام شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کا شمار دُنیا کے گرم ترین خطوں میں ہوتا ہے جب کہ گرمی کے دِنوں میں تو یہاں کی دھرتی آتش فشاں کی طرح سے کھولنے لگتی ہے ، امارات میں گزشتہ چند سالوں کے دوران ہر شعبے میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں جس سے یہاں کے مقامی باشندے اور غیر ملکی ملازمین کی فلاح و بہبود میں خاصی ترقی دیکھنے کو مِلی ہے ، اسی سلسلے مین متعارف کروائے گئے لیبر قانون کے تحت لازمی سالانہ دوپہر کے کام کے وقفے کا مقصد براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے والے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور حفاظت کو یقینی بنانا اور گرمیوں کے مہینوں میں انہیں گرمی سے بچانا ہے ، اس عرصے کے دوران متعلقہ وزارت نے کئی قوانین اور طریقہ کارجاری کیے ہیں اور اپنے شراکت داروں کے تعاون سے کئی آگاہی سرگرمیوں اور پروگراموں کا اہتمام کیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کارکن گرمی کی تھکن ، ہیٹ اسٹروک اور کورونا وائرس کے انفیکشن سے محفوظ رہیں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں