عدالت نے اماراتی خاتون کو 7 بچوں کی موت کی ذمہ دار ٹھہرا کر جیل بھیج دیا

اماراتی خاتون کے بچے گھر میں ہونے والی آتش زدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 مارچ 2020 15:09

عدالت نے اماراتی خاتون کو 7 بچوں کی موت کی ذمہ دار ٹھہرا کر جیل بھیج دیا
فجیرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 مارچ 2020ء) فجیرہ کی عدالت نے ایک اماراتی خاتون کو اپنے 7 بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھہرا کر اسے چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے اور اس پر 14 لاکھ درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ استغاثہ کی جانب سے خاتون پر الزام عائد کیا گیا کہ اس کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے اس کے بچوں اور بچیوں کی جان گئی ہے۔ استغاثہ کے مطابق خاتون نے اپنی چار بیٹیوں اور چار بیٹوں ، جن کی عمریں 5 سال سے 15 سال کے درمیان تھیں، انہیں ایک کمرے میں بند کر کے دروازہ لاک کر دیا تھا۔

اسی وجہ سے وہ کمرے کے ایئر کنڈیشنر میں آگ بھڑکنے کے باعث اپنی جان بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی والدہ نے تمام بچوں کو ایک کمرے میں سُلا رکھا تھا جب اچانک ایئرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑکنے سے دھواں اکٹھا ہو گیا اور کمرے میں موجود تمام بچے دم گھُٹنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

کمرے کا دروازہ لاک ہونے کے باعث بچے اپنی جان بھی نہ بچا سکے۔

کمرے میں آتش زدگی کا یہ واقعہ صبح پونے 5 بجے کے قریب پیش آیا تھا۔ جس کے نتیجے میں خاتون کے سات بچے زندگی کی بازی ہار گئے تھے، جن میں دو جڑواں بہنیں سارہ اور سمعیہ (عمر 5 سال)، علی (عمر 9 سال)، شیخہ (عمر 10 سال)، احمد (11 سال)، خلیفہ (عمر 13 سال)، اور پندرہ سالہ بیٹا شُوق شامل تھے۔ گھر میں آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور طبی امداد کا عملہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی تھی۔

تاہم آگ پھیل کر پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی۔ جس کے باعث بچوں کی جان چلی گئی۔ اس واقعے کے بعد امارات بھر میں کئی روز تک سوگ کی فضا رہی تھی اور حکومت کی جانب سے مملکت بھر میں گھروں میں سموک ڈیٹکٹر لگانے کی مہم شروع کی گئی تھی۔ بدنصیب بچوں کا والدآتش زدگی کے واقعہ سے ایک سال قبل ہی اللہ کو پیارا ہو گیا تھا جس کے بعد ان کی ماں ہی ان کی کفالت کر رہی تھی۔ یہ واقعہ رول زہدنہ گاؤں کے ایک ولا میں پیش آیا تھا۔

فجیرہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں