راس الخیمہ: ٹریفک حادثے میں پاکستانی جاں بحق

زخموں سے چور محمد عرفان کو ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 دسمبر 2018 12:58

راس الخیمہ: ٹریفک حادثے میں پاکستانی جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 دسمبر 2018ء) راس الخیمہ پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک جان لیوا حادثے میں پاکستانی باشندہ زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق35 سالہ محمد عرفان سائیکل پر سوار تھا جب اُسے ایک تیز رفتار کار نے روند ڈالا۔ اُسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کے آپریشنز رُوم کو اس واقعے کی اطلاع مِلی تو فوری طور پرٹریفک پٹرولز، ایمبولینس،ریسکیو ٹیم اور طبی امداد کا عملہ روانہ کر دیاگیا۔ طبی عملے نے ملزم کو ابتدائی طبی امداد دے کر جان بچانے کی کوشش کی، مگر اُس کی حالت انتہائی نازک دکھائی دے رہی تھی۔ جس پر اُسے رات سوا نو بجے کے قریب سقر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

جہاں موجود ڈاکٹروں کی جانب سے کی جانے والی کوششیں بے سُود ثابت ہوئیں۔

ملزم کو کار کی ٹکر کے باعث سر کے علاوہ دیگر حصّوں پر بھی زخم آئے تھے جس کے باعث اُس کا بہت زیادہ مقدار میں خون بہہ گیا تھا۔اس کے علاوہ کئی ہڈیاں بھی ٹوٹ گئیں تھیں۔ رواں دسمبر کے مہینے میں ہی ایک 57 سالہ ایشیائی باشندہ ایک اماراتی نوجوان کی کار کی ٹکر کے باعث جاں بحق ہو گیا تھا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ڈرائیورز ڈرائیونگ کے وقت محتاط رہیں، تمام تر توجہ سڑک اور گاڑی پر مرکوز رکھیں اور حد رفتار سے تجاوز نہ کریں۔

روڈز اور زیبرا کراسنگ پر کھڑے بائیک سواروں اور پیدل افراد کو سڑک کراس کرنے کے لیے خود پر ترجیح دی جائے۔ جبکہ راہگیروں کو بھی چاہیے کہ وہ سڑک کراس کرتے وقت تسلّی کر لیں کہ کوئی گاڑی نزدیک تو نہیں پہنچ گئی۔ اماراتی قانون کے مطابق اگر کوئی ڈرائیور کسی راہگیر کو سڑک پار کرنے کا موقع نہیں دیتا تو ایسی صورت میں اُس پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اس کے علاوہ اُس کے ڈرائیونگ لائسنس پر چھے بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہوتا ہے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں