راس الخیمہ: ٹریفک حادثے میں 11سالہ بچی جاں بحق

حادثہ اتنا شدید تھا کہ بچی موقع پر ہی زندگی سے ناتا توڑ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 اپریل 2019 14:04

راس الخیمہ: ٹریفک حادثے میں 11سالہ بچی جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اپریل 2019ء) اماراتی ریاست راس الخیمہ میں ایک افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جس میں ایک بچی زندگی سے محروم ہو گئی ہے۔ راس الخیمہ پولیس کے اعلیٰ عہدے دار کرنل احمد السام النقبی نے بتایا کہ پولیس کو رات ساڑھے آٹھ بجے اس واقعے کی اطلاع مِلیکہ ایک بچی سڑک پر کار کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی ہے۔ ۔

جس پر پولیس پٹرول اور طبی امداد کی ٹیمیں فوری طور پر روانہ کر دی گئیں۔ عملے نے زخموں سے چُور گیارہ سالہ بچی کی جان بچانے کی کوشش کی، مگروہ جانبر نہ ہو سکی۔ بچی کی لاش کو ایک قریبی اسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا، جسے بعد میں و الدین تدفین کی غرض سے لے گئے۔ جبکہ معاملے کی مزید تفتیش کے لیے اس حادثے کی رپورٹ متعلقہ ادارے کو دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واقعے کی تفصیلات سے یہی پتا چلا ہے کہ بچی ایک چھوٹی سڑک پر چل رہی تھی اچانک وہ بے دھیانی میں مین روڈ پر آ گئی۔ جس کے باعث سڑک پر سے گزرنے والی ایک کار کی زد میں آ گئی۔ بچی کے اچانک سامنے آ جانے پر کار ڈرائیور کے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ بریک لگا کر اس ہولناک سانحے کو ہونے سے روک سکے۔ پولیس کی جانب سے کار چلانے والے 23 سالہ اماراتی سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کی جانب سے راہگیروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ روڈ سیفٹی کے قواعد و ضوابط کو قطعاً نظر انداز نہ کیا کریں او رسڑک صرف کراسنگ کے لیے مخصوص مقامات سے پار کیا کریں۔ اور رات کے وقت سڑک پار کرتے وقت خاص توجہ رکھیں کیونکہ اس وقت حدِ نگاہ کم ہو جاتی ہے۔ سڑک اُسی وقت کراس کریں اگر کوئی گاڑی بہت دُور ہو۔ جبکہ ڈرائیورز کو بھی اپنی تمام تر توجہ روڈ پر رکھنی چاہیے اور حدِ رفتار سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں