اماراتی کفیل نے اپنے نوجوان ملازم کو گاڑی چوری کے معاملے میں پھنسا دیا

ملازم ایک شخص کی گاڑی کو ورکشاپ لے جانے کے دوران پکڑا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 27 جون 2019 13:06

اماراتی کفیل نے اپنے نوجوان ملازم کو گاڑی چوری کے معاملے میں پھنسا دیا
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 27جُون 2019ء) راس الخیمہ پولیس نے ایک غیر مُلکی نوجوان کو خراب پڑی گاڑی چُرا کر سکریپ میں بیچنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے نوجوان کا تعلق ایک عرب ملک سے ہے۔ نوجوان نے الرامس کے علاقے میں رہائش پذیر ایک شخص کی خراب پڑی گاڑی فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔ ایک اماراتی شخص نے بتایا ’میری گاڑی کئی دِنوں سے گھر کے باہر خراب حالت میں کھڑی تھی۔

ایک رات اچانک میرا دھیان کمرے کی کھڑکی سے باہر کی جانب گیا تو میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ ایک نامعلوم نوجوان میری خراب گاڑی کو اپنی گاڑی کے ساتھ باندھ کر آگے لے جا رہا تھا۔ یہ دیکھ کر میں فوراً گھر سے باہر نکلا اور اُس سے پوچھا کہ وہ اس گاڑی کو دھکیل کر کہاں لے جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

تو جواب میں نوجوان نے کہا کہ اُس کے سپانسر نے یہ گاڑی خرید لی ہے۔

وہ اسے ٹھیک کروانے کے لیے اب ورکشاپ لے جا رہا ہے۔ میں اُس کی بات سُن کر حیران رہ گیا کہ یہ گاڑی تو میری ہے کوئی اسے میری مرضی کے بغیر کیسے بیچ اور خرید سکتا ہے۔ میں نے نوجوان کو بتایا کہ یہ گاڑی تو میری ملکیت ہے، میں نے اسے فروخت ہی نہیں کیا تو پھر یہ کیسے ممکن ہے۔ جس پر اس نوجوان نے مجھے گاڑی کی فروخت کا معاہدہ بھی دکھا دیا۔میں سمجھ گیا کہ یہ سب کوئی فراڈ کا معاملہ ہے۔

میں نے پولیس کو بُلایا اور نوجوان کو گرفتار کرا دیا۔ تاہم ملزم نے عدلت میں بتایا کہ اُس نے گاڑی چوری کرنے کی قطعاً کوئی کوشش نہیں کی۔ میرے سپانسر کی انڈسٹریل ایریا میں ورکشاپ ہے۔ اُس نے مجھے کہا کہ وہ فلاں گھر کے باہر کھڑی کار خرید چُکا ہے۔ میں جا کر یہ گاڑی وہاں سے دھکا لگا کر لے آؤں۔ بعد میں مجھے پتا چلا کہ اُس نے مجھے گاڑی کی خریداری کے جو دستاویزات دکھائے تھے، وہ جعلی تھے۔

میں کبھی کسی جُرم میں ملوث نہیں رہا۔ میرے مالک نے مجھے پھنسانے کی کوشش کی ہے۔ دُوسری جانب ورکشاپ کے مالک نے اس سارے معاملے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے ملزم کو کار کی خریداری کی کوئی دستاویز دے کر نہیں بھیجا تھا۔ یہ سب اُس کا اپنا منصوبہ تھا۔ اس مقدمے کا فیصلہ اگلے مہینے سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں