شارجہ: پاکستانی قصاب مضرِ صحت گوشت فروخت کرتے پکڑا گیا

مختلف کارروائیوں کے دوران ایک من خراب گوشت ضبط کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 دسمبر 2018 16:03

شارجہ: پاکستانی قصاب مضرِ صحت گوشت فروخت کرتے پکڑا گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 دسمبر2018) الحمریہ میونسپلٹی کی جانب سے گوشت کی دُکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ میونسپلٹی انسپکٹرز کی جانب سے مذبح خانوں، مچھلی مارکیٹس اور دیگر گوشت کی دُکانوں پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ ایک حالیہ کارروائی کے دوران پاکستانی قصاب کی دُکان پر چھاپا مارا گیا اور وہاں سے مضر صحت گوشت ضبط کر لیا گیا۔

پاکستانی قصاب، پاکستانی گوشت کو آسٹریلوی گوشت کا نام دے کر بیچ رہا تھا۔ اس حوالے سے ایک رہائشی عبید الکُتبی نے میونسپلٹی کو شکایت درج کرائی تھی کہ یہ لوگ پاکستانی گوشت کو ڈھٹائی کے ساتھ آسٹریلوی گوشت قرار دے کر مہنگے داموں بیچنے میں مصروف تھے۔ اسی طرح ایک اور رہائشی مُنیر رضوی نے شکایت کی کہ زیادہ تر قصاب وزن بڑھانے کی غرض سے گوشت میں ہڈی زیادہ مِلا دیتے ہیں، تاہم اگر اُن سے ہڈی کے بغیر گوشت مانگا جائے تو وہ وزن میں ہیرا پھیری کر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ کریک ڈاؤن شارجہ کے رہائشیوں کی جانب سے مختلف شکایات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے جن میں کئیوں نے گِلہ کیا تھا کہ اُنہیں پُورے وزن کا گوشت نہیں دیا جا رہا جبکہ کچھ نے زائد المیعاد گوشت فروخت کرنے کی اطلاع دی تھی۔ الحمریہ میونسپلٹی کی جانب سے حالیہ کارروائیوں کے دوران درجنوں قصابوں کو خراب گوشت فروخت کرنے پر بھاری جرمانے کیے ہیں۔

میونسپلٹی کے ترجمان کے مطابق مختلف مقامات سے ایک من کے قریب صحت کے لیے مضر مچھلی اور گائے کا گوشت پکڑا گیا ہے۔ قصابوں کی دُکانوں پر چھاپوں کے دوران اُن کے سٹوریج سسٹم اور سپلائی کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے آیا کہ وہ حفظانِ صحت کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہیں۔ میونسپلٹی کی جانب سے شارجہ بھر میں غذائی مراکز پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں