شارجہ کے اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے پاکستانی باپ بیٹی جاں بحق

ماں اور دیگر 2 بچوں کی حالت تشویشناک‘ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 جنوری 2024 13:57

شارجہ کے اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے پاکستانی باپ بیٹی جاں بحق
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے پاکستانی باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے، ماں اور دیگر 2 بچے تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

(جاری ہے)

گلف نیوز کے مطابق حکام نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح شارجہ میں عمارت کے ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے کے بعد ایک پاکستانی شخص اور اس کی 11 سالہ بیٹی دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، اس شخص کی بیوی کی حالت تشویشناک ہے اور اسے القاسمی ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے، جوڑے کے دو دیگر بچے، 9 سالہ بچی اور 5 سال کی عمر کا بچہ، جنہیں بھی دم گھٹنے کی علامات کے ساتھ ہسپتال لے جایا گیا تھا، اب صحت یاب ہو رہے ہیں۔

شارجہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر سامی خامس النقبی نے بتایا کہ یہ اپارٹمنٹ میولح کے علاقے میں عمارت کی تیسری منزل پر واقع ہے، آگ لگنے سے دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا، آگ لگنے کے 4 منٹ بعد ہی فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے، حکام کے فوری ردعمل نے موقع پر پہنچنے کے بعد دو منٹ میں ہی آگ پر قابو پالیا، تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور فرانزک ٹیم نے تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ کو اپنی تحویل میں لے لیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر عمارت کو سیل کر دیا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں