فلائی جناح کا شارجہ سے اسلام آباد سستی پروازوں کا اعلان

فضائی کمپنی نے اپنے نیٹ ورک میں توسیع کیلئے 2 نئے ایئربس A320 طیارے بیڑے میں شامل کرلیے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 فروری 2024 13:55

فلائی جناح کا شارجہ سے اسلام آباد سستی پروازوں کا اعلان
اسلام آباد/شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 فروری 2024ء ) پاکستان کی سستی پروازوں والی ایئرلائن فلائی جناح نے شارجہ سے اسلام آباد پروازوں کے آغاز کا اعلان کردیا، اس مقصد کے لیے 2 نئے ایئربس A320 طیارے موجودہ بیڑے میں شامل کرلیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے کم لاگت والے کیریئر فلائی جناح نے جمعرات کو اسلام آباد اور شارجہ کے درمیان اپنی پہلی بین الاقوامی پرواز شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بین الاقوامی مارکیٹ میں توسیع کا اعلان کیا ہے، اس روٹ پر فضائی کمپنی کی افتتاحی پرواز 17 فروری کو اڑان بھرے گی، اپنے بین الاقوامی آپریشنز کو سپورٹ کرنے کے لیے فلائی جناح نے اپنے موجودہ بیڑے میں دو نئے ایئربس A320 طیارے شامل کیے ہیں، جس سے طیاروں کی کل تعداد 5 ہوگئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں فلائی جناح نے کہا ہے کہ "نئی سروس پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور شارجہ کے درمیان روزانہ دو پروازیں فراہم کرے گی، اس سٹریٹجک روٹ کی توسیع پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان رابطوں کو بڑھانے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے فلائی جناح کے عزم کی عکاسی کرتی ہے"۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کے لیکسن گروپ اور شارجہ کی ایئرعربیہ ایئرلائن کے مشترکہ منصوبے ’فلائی جناح‘ کو گزشتہ سال اکتوبر میں بین الاقوامی روٹس پر کام کرنے کا اجازت نامہ ملا، کمپنی کے افغانستان، بنگلہ دیش، عراق، ملائیشیا، عمان، قطر، سعودی عرب، تھائی لینڈ، ترکی اور یو اے ای کے لیے براہ راست آپریشن شروع کرنے کے منصوبے ہیں جب کہ اکتوبر 2022ء میں قائم ہونے والی ’فلائی جناح‘ نے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے پانچ بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کو اپنے فضائی نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنے کے لیے مقامی طور پر کامیابی سے کام کیا ہے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں