شارجہ میں قتل کا ایشیائی ملزم 36 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں گرفتار

مشتبہ شخص نے انڈسٹریل ایریا میں مقتول پر تیز دھار آلے سے وار کرنے کا اعتراف کرلیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 3 اکتوبر 2023 15:35

شارجہ میں قتل کا ایشیائی ملزم 36 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں گرفتار
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 اکتوبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں شارجہ پولیس نے قتل کے مشتبہ ملزم کو 36 گھنٹوں سے بھی کم عرصے میں پکڑ لیا۔ گلف نیوز کے مطابق شارجہ پولیس کے کریمنل اینڈ انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ نے قتل کے الزام میں ایک ایشیائی شخص کو 36 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ 30 ستمبر کو آپریشن روم کو امارت کے صنعتی علاقوں میں سے ایک میں زمین پر ایک لاش کے بارے میں رپورٹ موصول ہوئی، اسی مناسبت سے دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ سکیورٹی گشت پر مامور ٹیم بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ابتدائی تفتیش میں واضح ہوا کہ مقتول پر کسی تیز دھار چیز سے وار کیا گیا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

معلوم ہوا ہے کہ تفتیشی اداروں نے مقتول کے ورثاء اور مجرم کی شناخت کے لیے ان کی تلاش شروع کردی اور 12 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں مجرم کو شناخت کرلیا گیا، جو متحدہ عرب امارات کے رہائشی قانون کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا، جس کی لوکیشن کو ٹریس کرتے ہوئے دبئی پولیس کے تعاون سے ایک گھات لگا کر اس ایشیائی شخص کو گرفتار کر لیا گیا، جس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا تو کیس کو مزید کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

حال ہی میں شارجہ پولیس نے ایک ایسے شخص کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد طلب کی، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے ملک فرار ہو گیا ہے، 26 سالہ پاکستانی لڑکی کو اس کے والد نے قتل کیا اور اس شخص نے اپنے جرم کے بعد ملک چھوڑ دیا، مقتولہ کے بھائی نے پولیس کو اس جرم کی اطلاع دی تو پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کو پہلے ہی مردہ پایا، جس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے فرانزک لیبارٹری لے جایا گیا اور انٹرپول سے اس انکشاف کے بعد رابطہ کیا گیا کہ لڑکی کو قتل کرنے والا ملزم اس کا اپنا باپ ہے جو متحدہ عرب امارات چھوڑ چکا ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے آبائی ملک پاکستان واپس چلا گیا، جس کی بناء پر بین الاقوامی قانون کے تحت اس شخص کی گرفتاری اور حوالگی کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں