امارات میں بغیر ویزہ پاسپورٹ 18 سال رہنے والا غیرملکی وطن واپس

سنیل کمار او وی مبینہ طور پر مالی مسائل اور صحت کے بحرانوں سے دوچار تھا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 10 جنوری 2024 13:52

امارات میں بغیر ویزہ پاسپورٹ 18 سال رہنے والا غیرملکی وطن واپس
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں بغیر ویزہ 18 سال تک رہنے والے غیرملکی کو اس کے آبائی وطن واپس بھیج دیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قانونی دستاویزات کے بغیر مقیم ہندوستانی باشندہ حکام اور سماجی کارکنوں کی مدد سے 18 سال بعد اپنے گھر واپس پہنچا ہے، کیرالہ سے تعلق رکھنے والے سنیل کمار او وی مالی مسائل اور صحت کے بحرانوں سے دوچار تھا۔

دبئی میں ہندوستانی قونصل خانے کے رضاکار پروین کمار نے بتایا کہ 47 سالہ سنیل 2005ء میں یو اے ای میں بطور فورمین کام کرنے آیا تھا لیکن اس کے پاس سالوں سے درست دستاویزات نہیں تھیں، ملازمت سے ہاتھ دھونے کے بعد وہ مالی بحران میں پھنس گیا، اسے صحت کے بہت سے مسائل بھی تھے، جن کے باعث وہ اپنے آبائی ملک واپس نہیں جانا چاہتا تھا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سنیل کے پاسپورٹ کی میعاد 2007ء میں ختم ہو گئی تھی اور اس نے اسی سال دبئی میں انڈین قونصلیٹ سے ایمرجنسی سرٹیفکیٹ حاصل کیا، ایمرجنسی سرٹیفکیٹ ایک طرفہ سفری دستاویز ہے جو ہندوستانیوں کو پاسپورٹ نہ ہونے پر عاضی بنیادوں پر جاری کیا جاتا ہے، اس عرصے کے دوران بظاہر اس کی صحت کی بھی خراب ہوگئی اور وہ اس رعایتی مدت کے دوران بھارت روانہ نہیں ہوا۔

پروین کمار نے بتایا کہ سنیل کے پاس پچھلے پاسپورٹ کی صرف ایک کاپی تھی جو مشین سے پڑھنے کے قابل نہیں تھی، اس لیے قونصل خانے نے کیرالہ کے کوچی میں پاسپورٹ آفس سے اس کی تفصیلات کی تصدیق طلب کی، جہاں سے اس نے اپنا پہلا پاسپورٹ حاصل کیا تھا، تصدیق کے بعد اکتوبر 2023ء میں قونصلیٹ کی جانب سے ایک اور ایمرجنسی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا، تاہم سنیل کی صحت کی حالت مزید بگڑ گئی اور وہ ایک روز شارجہ میں اپنی رہائش گاہ پر گرگئے، جس پر ایمبولینس بلائی گئی اور سنیل کو شارجہ کے الکویتی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سنیل کی خرابی صحت کی خبر سن کر اس کی بوڑھی ماں نے اسے دیکھنے کی شدید خواہش ظاہر کی، اس کی ماں ستر کی دہائی میں ہے، جو اپنے بیٹے کو دیکھنے کے لیے مدد مانگ رہی تھی، جس پر سماجی کارکنوں نے انسانی بنیادوں پر سنیل کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف محکموں کے ساتھ کام کیا، جس کے نتیجے میں اس کی وطن واپسی ممکن ہوئی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں