شارجہ پولیس نے 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا پکڑ لیا

پولیس نے انتہائی مہارت سے سونے کی چوری اور سمگلنگ کی واردات ناکام بنا دی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 فروری 2024 15:15

شارجہ پولیس نے 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا پکڑ لیا
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 فروری 2024ء ) شارجہ پولیس نے 8 لاکھ درہم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 6 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا چوری شدہ سونا پکڑ لیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق خورفکان میں سونے کے ایک شوروم کی انتظامیہ کی جانب سے پولیس آپریشن روم سے رابطہ کیا گیا جہاں انہوں نے شکایت درج کرائی کہ رات کے کسی پہر جرائم پیشہ گروہ نے ان کے شوروم سے سونا چرا لیا ہے، واردات کی اطلاع ملنے پر شارجہ پولیس نے فوری طور پر ایک ماہر سراغ رساں ٹیم تشکیل دی جس نے تفتیش کے بعد مسروقہ سونا بندرگاہ میں موجود ایک کارگو کنٹینر سے برآمد کرلیا۔

شارجہ پولیس کے نمائندے نے بتایا کہ شو روم سے چُرایا جانے والا سونا شارجہ سے سمگل کیا جانا تھا اور ملزمان نے اسی مقصد کے تحت سونے کو بندرگاہ پر منتقل کیا جہاں سے اس سونے کو کارگو کنٹینر کے ذریعے ملک سے باہر بھیجنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی یہ کوشش ناکام بنادی اور واردات میں ملوث گروہ کے کارندوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کردیا اور کیس قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کو بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شارجہ پولیس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام تجارتی اداروں کے مالکان اور افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے اداروں کی حفاظت کے لیے وہاں سکیورٹی کنٹرول سسٹم نصب کرائیں، جس کے لیے سکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی واردات کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص کے بارے میں رپورٹ کے سلسلے میں سستی سے اجتناب کریں اور ایسی کسی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں