شارجہ کا رہائشی پاکستانی کروڑ پتی بن گیا

محظوظ قرعہ اندازی میں ایک سال تک قسمت آزمائی کے بعد تقریباً 8 کروڑ روپے کا انعام جیت لیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 ستمبر 2023 15:08

شارجہ کا رہائشی پاکستانی کروڑ پتی بن گیا
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں شارجہ کے رہائشی پاکستانی شہری نے محظوظ ڈرا میں 10 لاکھ درہم کا انعام جیت لیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے متحدہ عرب امارات کے رہائشی عمر اس ہفتے محظوظ کی ہفتہ وار قرعہ اندازی سے کروڑ پتی بن چکے ہیں کیوں کہ اپنی ملازمت کے سلسلے میں شارجہ میں مقیم 31 سالہ آفس مینیجر عمر ایک سال سے زائد عرصے تک محظوظ لکی ڈرا میں شرکت کرنے کے بعد 10 لاکھ درہم ( 7 کروڑ 87 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ) کا بڑا انعام لے اڑے۔

بتایا گیا ہے کہ عمر نے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے فوراً بعد پہلی بار یوٹیوب کے ذریعے ’محظوظ سیٹر ڈے ملینز‘ کے بارے میں جانا تو اس سے متاثر ہوکر اس میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا، ان کے عزم اور مستقل مزاجی کا انہیں بالآخر اس وقت صلہ ملا جب 23 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ عمر کو محظوظ کی طرف سے خوشخبری سنانے والی ایک ای میل موصول ہوئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس خبر نے پاکستانی شہری کو چونکا دیا ور انہیں اپنی آنکھوں پر یقین ہی نہیں آیا، عمر نے فوری طور پر پاکستان میں اپنے خاندان کو فون ملا کر یہ ناقابل یقین خوشخبری سنائی، ان کے خاندان کی خوشی اور جوش و خروش قابل دید تھا کیوں کہ یہ پہلا موقع تھا جب عمر نے اس طرح کا کوئی انعام جیتا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ خوش نصیب پاکستانی شہری کے پاس اپنی زندگی میں قسمت کی دستک کے بعد پرجوش منصوبے ہیں، ان کا بنیادی مقصد پاکستان میں اپنے خاندان کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے، یہ عمر کی ایک دلی خواہش ہے جو اپنے پیاروں کے لیے ان کی لگن کو ظاہر کرتی ہے، مزید برآں وہ متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ایک چھوٹے کاروبار کے قیام پر بھی ان کی نظر ہے جو ناصرف ان کا مستقبل محفوظ بنائے گا بلکہ مقامی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈالے گا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں