شارجہ کے ایکسپو سنٹر میں 17 دِن کی سیل عنقریب شروع ہو گی

’رمضان نائٹس2019ء‘ سیل میں 80 فیصد تک کا شاندار ڈسکاﺅنٹ دیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 مئی 2019 15:47

شارجہ کے ایکسپو سنٹر میں 17 دِن کی سیل عنقریب شروع ہو گی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،15 مئی 2019ء) رمضان المبارک کے دوران شارجہ کے باسیوں کو ایک شاندار خبر سُنائی گئی ہے۔ شارجہ کے ایکسپو سنٹر میں 23 مئی 2019ء سے ’رمضان نائٹس 2019ء‘ کے نام سے ایک شاندار سیل لگ رہی ہے۔ پُورے17 روز تک جاری رہنے والی اس سیل میں صارفین کو بعض اشیاءپر 70 فیصد تک ڈسکاﺅنٹ دیا جائے گا۔ یہ سیل میلہ روز رات 8 بجے شروع ہو گا اور صبح 2 بجے تک جاری رہے گا۔

اس سیل میلے کی انتظامیہ کے مطابق یہ سیل عید کی تعطیلات کے دوران بھی جاری رہے گا تاہم اس دوران اس کے اوقات 5 بجے شام سے رات 11بجے تک کے ہوں گے۔ اس سیل میلے میں متحدہ عرب امارات کے علاوہ دُنیا بھر کے مختلف ٹاپ برانڈز اورڈیزائنرز کے برانڈز پر بھی خصوصی رعایت دی جا رہی ہے۔ کچھ معروف برانڈز تو صارفین کو خوش کرنے کے چکر میں اتنا آگے چلے گئے ہیں کہ انہوں نے اپنے بہت سے ملبوسات پر 80 فیصد تک کی رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کی جانب سے ایک اور اچھی خبر یہ سُنائی گئی ہے کہ شاپنگ کرنے والوں کی سہولت کے لیے پارکنگ فری رکھی گئی ہے۔ اس سیل میلے میں 12 سال تک کی عمر کے بچوں کا داخلہ مفت ہے جبکہ بالغ افراد کے لیے داخلہ ٹکٹ 5 درہم رکھی گئی ہے۔ اس شاندار سیل سے فائدہ اُٹھانے کے خواہش مندوں کے لیے مزید تفصیلات رمضان سیل میلہ کی ویب سائٹ http://www.ramadan-nights.com/پر فراہم کی گئی ہیں۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں