شارجہ: ”آپ ایک انتہائی خود غرض انسان ہیں“

اماراتی شخص نے اپنی سالی کی جانب سے ایسا کہنے پر اس کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 27 اگست 2019 15:09

شارجہ: ”آپ ایک انتہائی خود غرض انسان ہیں“
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،27 اگست 2019ء) سالی اور بہنوئی کا رشتہ بہن بھائی کا سا رشتہ ہوتا ہے۔ اکثر سالیاں اپنے بہنوئی سے مذاق بھی کر لیتی ہیں اور ان سے بے تکلف بھی ہو جاتی ہیں، اور کئی سالیاں تو گِلے شکوے کرنے سے بھی باز نہیں آتیں۔ تاہم شارجہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کی چھوٹی بہن کے خلاف مقدمہ درج کرا لیا ہے جس کی عدالت میں سماعت شروع ہو گئی ہے۔

عدالت میں اماراتی شخص نے موٴقف اختیار کیا کہ اس کی سالی نے کسی بات پر ناراض ہو کر اُسے کہا ہے کہ آپ ایک انتہائی خود غرض انسان ہیں۔ یہ الفاظ سُن کر اُسے ذہنی طور پر بہت اذیت پہنچی ہے کیونکہ وہ خود کو ہرگز ایسا نہیں سمجھتا۔ اس لیے وہ اپنی سالی کو اس کے بارے میں توہین آمیز کلمات ادا کرنے پر اُسے سزا دلوانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

مُدعی کی سالی نے عدالت کے سامنے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے بہنوئی کو ایسے الفاظ کہے تھے لیکن یہ صرف وقتی غصہ تھا، اس کا قطعی ایسا کہنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور حقیقت میں وہ اپنے بہنوئی کو اچھا انسان سمجھتی ہے۔

ملزمہ نے مزید بتایا کہ اُس کا خاوند اور بہنوئی آپس میں گہرے دوست ہیں۔ کچھ روز قبل ملزمہ کی اپنے خاوند سے کسی بات پر ناراضگی ہوئی تو اُس کے بہنوئی نے بجائے اُس کا ساتھ دینے کے اپنے دوست کا ساتھ دیا اور اُسے اس معاملے میں غلط قرار دیا۔ اس بات نے اسے بہت تکلیف پہنچائی۔ جب بہنوئی سے سامنا ہوا تو اس نے اس بات پر اُن سے گِلہ کیا کہ انہوں نے اُس کا ساتھ کیوں نہیں دیا۔ملزمہ کے مطابق اسی بحث کے دوران وہ جذباتی ہو گئی اور اس نے اپنے بہنوئی کو خود غرض قرار دے دیا۔ اس مقدمے کا فیصلہ اگلی سماعت میں سُنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں